لکھنؤ:(ایجنسی)
اتر پر دیش میں تبدیلی مذہب مخالف قوانین کے تحت جبراً اور بہلا پھسلاکر مذہب تبدیل کروانے کے الزام میں گرفتارشدہ معروف و مشہور اسلامی اسکالر ڈاکٹر عمر گوتم کی آج جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی لیگل ٹیم کی کا میاب پیروی کے نتیجہ میں فتح پور کی خصوصی سیشن عدالت سے ضمانت منظور ہو گئی ہے ،خصوصی عدالت کے اس فیصلہ سے ڈاکٹر عمر گوتم ور ان کے اہل خانہ کو کافی راحت حاصل ہوئی ہے۔ اس مقدمہ کی پیروی جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی کے حکم پر ملک بھر میں ناجائز مقدمات میں ماخوذ نوجوانوں کی عدالتوں میں قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہا راشٹر کی لیگل ٹیم کر رہی تھی۔یہ اطلاع جاری اپنےبیان میں جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے دی ہے۔
مزید تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مشہور اسکالر ڈاکٹر عمر گوتم جو کہ مختلف ٹرسٹوں کے ذریعہ انسانیت کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے تھے کے خلاف نورالہدی انگلش میڈیم اسکول میں پڑھانے والی ٹیچر نے ہندوں بچوں کو مسلمان بنانے کے ضمن میں CRIME NO 558/2021 کے تحت تھانہ کوتوالی فتح پور میں شکایت درج کرائی تھی جس پر اترپردیش پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تعزیرات ہند سمیت سکشن 3 اور 5 اتر پردیش اینٹی کنورزن لاء کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ،تحقیقات مکمل کرکے ڈاکٹر عمر گوتم و دیگرکے خلاف چارج شیٹ بھی دائر کی جا چکی تھی ۔
جمعیۃ علماء لیگل ٹیم سے رابطہ کے بعد جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے لیگل سکریٹری و سینئر کریمنل لائر ایڈوکیٹ پٹھان تہور خان کی نگرانی میں قابل ترین وکلاء کی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے قانونی نکاۃ اور تجربہ کی بنیاد پر ڈاکٹر عمر گوتم کوفتح پور سیشن عدالت سے ضمانت دلانے میں کامیابی حاصل کی عدالت میں اس کیس کی پیروی ایڈووکیٹ پٹھان تہور خان کے ساتھ لکھنؤ کے معروف و مشہور نوجوان وکیل ایڈووکیٹ ضیاء جیلانی کر رہے تھے۔ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے ڈاکٹر عمر گوتم کی ضمانت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ کامیابی بہت اہمیت کی حامل ہے ،ہمیں امید ہے کہ اس سے متعلق دیگر مقدمات میں بھی ہماری لیگل ٹیم کامیابی حاصل کرے گی ۔