رام پور:
دارالحکومت لکھنؤ کے میدانتا اسپتال میں داخل سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ جوہر یونیورسٹی کو لے کر زمین خرید وفروخت کی مکمل اطلاع انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے رامپور ضلع انتظامیہ سے طلب کی ہے۔ ای ڈی نے ڈی ایم رامپور سے زمین خرید میں ضوابط کی خلاف ورزی پر پانچ نکات پر رپورٹ بھی طلب کی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ رویندر کمار نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ای ڈی کے ذریعہ ایک خط موصول ہوا ہے۔ ای ڈی نے اعظم خان کی جوہر یونیورسٹی سے متعلق کچھ دستاویز طلب کئے ہیں۔ پیر کو ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس سے متعلق رپورٹ بھیجی جائے گی۔
واضح رہے کہ دھوکہ دہی معاملے میں اعظم خان سیتا پور کی جیل میں سوا سال سے بند ہیں۔ گزشتہ دنوں کورونا انفیکشن ہونے کے بعد انہیں میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس سے پہلے بھی اعظم خان پر ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا تھا، جس کی جانچ اب تیز ہوگئی ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پانچ نکات پر ڈی ایم سے رپورٹ اور متعلقہ دستاویز طلب کئے ہیں۔ اس سے متعلق ای ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر امت کمار مشرا کی طرف سے ڈی ایم کو خط لکھا گیا ہے۔
جس میں محمد علی جوہر یونیورسٹی کے چانسلر محمد اعظم خان اور ان کی ٹرسٹ کی موجودہ حالت کے بارے میں اطلاع طلب کی ہے۔ انہون نے جوہر یونیورسٹی کے ذریعہ ایکوائر کی گئی زمین اور ایکوائر کئے جانے کے دوران ضوابط کو کس طرح نظر انداز کیا گیا، اس پر بھی اطلاع طلب کی ہے۔ اس سے متعلق حکومت نے زمین واپس لینے کے متعلق جو بھی احکامات جاری کئے ہیں، اس بابت بھی اطلاع طلب کی ہے۔