کولکاتا :
مغربی بنگال قانون ساز اسمبلی کے لیے چھٹے مرحلے کے انتخابات جمعرات کے روز کچھ تشدد واقعات اور کورونا وبا کے درمیان اختتام پذیر ہوئے۔ چھٹے مرحلے میں 43 سیٹوں کے لیے صبح سات بجے ووٹنگ شروع ہوئی ۔ ان میں سے 17 سیٹیں شمالی چوبیس پرگنہ کی ہیں جبکہ نو – نو سیٹیں نادیا اور شمال دیناج پور ضلع کی ہیں۔ اس مرحلے میں مشرقی بردھمان کی آٹھ نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے افسران کے مطابق چھٹے مرحلے کی 43 اسمبلی نشستوں پر 79.09 فیصد رائے ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
جلسوں میں صرف 500 افراد کی اجازت
کوروناکیسوں میں مسلسل اضافے کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال میں انتخابی مہم پر روک لگا دی ہے۔ صرف یہی نہیں عوامی جلسوں میں صرف 500 افراد کی اجازت ہوگی۔اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جو تین لاکھ سے تجاوز کرچکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جمعرات کی شام کو کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے آخری دو مراحل کے دوران کوئی عوامی ریلی، پیدل مارچ یا روڈ شو نہیں ہوگا۔ یہ اعلان کولکاتا ہائی کورٹ کی جانب سے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے مناسب اقدامات کرنے کے حکم کے چند گھنٹوں بعد الیکشن کمیشن نے کیا۔
وزیر اعظم مودی کابنگال دورہ منسوخ
مغربی بنگال میں کورونا وبا کے درمیان اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے کل (جمعہ) کو بنگال میں ہونے والی اپنی تمام ریلیاں منسوخ کردی ہے۔ بنگال میں انتخابی مہم چلانے کے بجائے پی ایم مودی کل سے کورونا کی صورتحال پر میٹنگ کریں گے۔
ٹی ایم سی نے مرکزی فورسز پر فائرنگ کا الزام عائد کیا
ترنمول کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ اشوک نگر سیٹ کے تانگرا علاقے میں واقع پولنگ اسٹیشن نمبر 79 کے باہر مرکزی فورسز کی فائرنگ سے اس کے دو کارکن زخمی ہوگئے جب پارٹی کے کچھ ممبران نے بی جے پی امیدوار تنوجا چکرورتی کے دورے کی مخالفت کی۔ پولیس نے بتایا کہ بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے درمیان اس علاقے میں جھڑپ ہوئی اور دونوں طرف سے بمباری ہوئی ۔ نامعلوم افراد نے مرکز فورسز کو لے جانے والی گاڑی پربھی توڑ پھوڑ کی۔
اشوک نگر سے ترنمول کے امیدوار نارائن گوسوامی نے الزام لگایا کہ مرکزی فورسز کی طرف سے گولی چلنے سے میرے دو حامی زخمی ہوگئے۔ دونوں کا قریبی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ مرکزی فورسز صحیح کام نہیں کر رہی ہیں۔ ‘ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے ضلع میں تعینات افسران سے رپورٹ طلب کی اور اس کی بنیاد پر الزامات کو مسترد کردیا۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ مرکزی فورسز کی فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ 10 اپریل کو رائے شماری کے چوتھے مرحلے کے دوران ضلع کوچ بہار کے سیتالکوچی علاقے میں اپنے دفاع میںسی آئی ایس ایف کی طرف سے چلائی گئی گولی سے چار لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔
شمالی دیناج پور میں بی جے پی – ٹی ایم سی کارکنان میں جھڑپ
شمالی دینا ج پور کے چوپڑا علاقے کے ایک پولنگ اسٹیشن پر بحث کے بعد بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں کے مابین تصادم ہوگیا اور فائرنگ کی بھی خبرہے۔ حالانکہ دونوں پارٹیوں نے بندوق کے استعمال سے انکار کیا ہے اور ایک دوسرے کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) آفس نے اس واقعے پر مقامی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔