ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
1857 میں انگریزوں نے مکمل ہندوستان پر قبضہ کیا ، جو 1947 تک برقرار رہا _ مسلمانوں نے ابتدا ہی میں مزاحمت کی تھی ، جو بعد میں بھی برابر جاری رہی _ ان کی جدّو جہد تو 1800 سے ہی شروع ہوگئی تھی _ بہت سے علماء پیش پیش تھے _ مسلم ریاستوں کے سربراہ ، نوابین ، سپاہ اور عوام بھی جذبۂ مقاومت سے سرشار تھے _ انگریزوں نے جب دار السلطنت دہلی پر قبضہ کیا تو فوجیوں کو کئی دنوں تک لوٹ مار کی کھلی اجازت دے دی ، تمام مسلمانوں کو آبادی سے باہر نکال دیا گیا ، ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی اسی طرح قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا گیا ، ہزاروں علماء کو پھانسی دے دی گئی _ بعد میں جب آزادی کی لہر اٹھی تو اس میں بھی مسلم قائدین پیش پیش تھے ، لیکن المیہ یہ ہے کہ اب تحریکِ آزادی میں مسلمانوں کے رول کا انکار کیا جارہا ہے اور تاریخ کو ازسرِ نو لکھنے کے منصوبے ظاہر کیے جا رہے ہیں ، جس کے ذریعے تحریکِ آزادی میں مسلمانوں کے کردار کو کم سے کم دکھایا جاسکے _ اس پس منظر میں ضرورت ایسی کتابیں تالیف کرنے کی بے جن میں جدّو جہد آزادی کی حقیقی تاریخ پیش کی جائے اور مسلمانوں کے کردار کا درست تعارف کرایا جائے _ زیرِ نظر انگریزی کتاب Biographical Encyclopedia of Indian Muslim Freedom Fighters ایسی ہی ایک قابلِ قدر کوشش ہے _۔
اس کتاب کے مؤلف انگریزی کے معروف صحافی جناب سید عبید الرحمن ہیں _ حالاتِ حاضرہ پر موصوف کی تحریریں ملکی و غیر ملکی جرائد :The Hindustan Times, The Economic Times, New Click, Sify, Arab News اور دیگر جرائد اور نیوز پورٹلس میں شائع ہوتی رہتی ہیں _ موصوف تاریخ کا بھی عمدہ ذوق رکھتے ہیں _ ملک کی جدّوجہد آزادی پر ان کی متعدد کتابیں طبع ہوکر خراجِ تحسین حاصل کرچکی ہیں _ مثلاً Ulema’s Role in Indian’s Freedom Movement with focus on Silk Letter Movement (Reshmi Rumal Tahreek), Muslim Freedom Fighters: Contribution of Indian Muslims in the Freedom Movement اور اردو میں ‘مسلم مجاہدینِ آزادی اور تحریکِ آزادی میں ان کی خدمات _
زیرِ نظر کتاب میں 125 مسلم مجاہدینِ آزادی کا تذکرہ کیا گیا ہے ، ان کی مختصر سوانح بیان کرنے کے ساتھ آزادی کی جدّوجہد میں ان کی عملی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں _ ان مجاہدین میں علماء اور مفتیانِ کرام بھی ہیں ، نوابین اور ان کے مقرّبین بھی ، ریاستوں کے سربراہ اور ان کے درباری بھی ، فوج و سپاہ سے تعلق رکھنے والے بھی ، سیاسی اور سماجی میدانوں میں جدّوجہد کرنے والے بھی اور عوام بھی _ فاضل مصنف نے بہت علمی اور تحقیقی انداز میں مستند مصادر و مراجع سے استفادہ کرکے حوالوں کے ساتھ ان کا تذکرہ جمع کردیا ہے _۔
ملک کی تاریخِ آزادی پر یوں تو مختلف زبانوں میں بہت سی کتابیں موجود ہیں ، لیکن زیرِ نظر کتاب ان میں ایک قیمتی اضافہ ہے _ آج کے حالات میں ، جب کہ مسلم مجاہدینِ آزادی کی خدمات کے انکار کا رجحان پنپ رہا ہے ، ایسی کتابوں کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی ضرورت ہے _۔
صفحات : 626 (مجلد)
قیمت : 1195 روپے (ہندوستانی)؍ 75 ڈالر
ناشر :
Global Media Publishers
D_204,4th Floor, A.F.Enclave
Jamia Nagar, New Delhi _110025,India
Mob:+91_9818327757
Email:[email protected]