ممبئی:
اداکار فرحان اختر کی آئندہ فلم ’طوفان‘ 16 جولائی کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس درمیان ریلیز سے پہلے ہی اداکار کی فلم تنازعہ میں پھنستی ہوئی نظر آرہی ہے۔ سوشل میڈیا پر فرحان اختر کی ’طوفان‘ کو بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ٹوئٹر پربائیکاٹ طوفان ٹرینڈہو رہا ہے۔ لوگوں نے فلم پر لو جہاد پھیلانے کا الزام لگایا ہے۔
لوگ ٹوئٹر پر مسلسل پوسٹ کرکے اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ حال ہی میں فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا، جس میں ایک مسلم لڑکا اور ہندو لڑکی کے درمیان پیار کو دکھایا گیا ہے۔ جس پر لوگوں نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ایک صارف نے ٹوئٹر پر لکھا، ’بالی ووڈ کے نشانے پر صرف ہندو ہی نہیں؟ لیکن لو جہاد کو بھی بڑھاوا دے رہے ہیں۔ اتنی ساری فلمیں ہیں، جس میں ہیروئن ہمیشہ ہندو ہوتی ہے۔ کیا یہ تفریح کے نام پر منصوبہ بند طریقے سے ہندووں کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا ہے؟
ایک اور صارف نے لکھا، ’16 جولائی کو فرحان اختر کی ’طوفان‘ آرہی ہے، انہوں نے سی اے اے کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اب ہماری باری ہے ان کی فلم کا بائیکاٹ کرنے کی’۔ دیکھئے ٹوئٹ…
واضح رہے کہ ’طوفان‘ جنون اور ایمان سے ترغیب امید، اعتماد اور اندرونی طاقت کی کہانی ہے۔ پروموشنل اسپورٹس ڈراما امیزون پرائم ویڈیو کے ذریعہ ایکسیل انٹرٹینمنٹ اور ROMP پکچرس کے تعاون سے پیش کیا گیا ہے۔ رتیش سدھوانی، راکیش اوم پرکاش مہرا اور فرحان اختر نے فلم کا پروڈکشن کیا ہے۔
فلم میں مرنال ٹھاکر، پریش راول، سپریا پاٹھک کپور، حسین دلال، ڈاکٹر موہن اگاشے، درشن کمار اور وجے راج کے ساتھ لیڈ رول میں فرحان اختر کی قیادت میں ایک آل اسٹار کاسٹ ہے۔ راکیش اوم پرکاش مہرا کی ہدایت کاری، فلم کا ہائی آکٹین ٹریلر ہمیں اجّو بھائی نامی ایک مقامی غنڈے کی اس زندگی کے سفر کے بارے میں بتاتا ہے، جس میں ایک غنڈہ، عزیز علی نامی پیشہ ور مکے باز بن جاتا ہے۔