جمعہ کو ایک بار پھر سندرکانڈ پڑھنے کو لے کر لکھنؤ کے لولو مال کے باہر ہنگامہ ہوا۔ اس کے بعد پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ گرفتار ہونے والوں کے نام سروج ناتھ یوگی، کرشنا کمار پاٹھک، گورو گوسوامی اور ارشد علی ہیں۔ اس دوران لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئ
واضح رہے کچھ دن پہلے لولو مال کے اندر نماز پڑھے جانے کا ویڈیو سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا نے خبردار کیا تھا کہ اس کے کارکن لولو مال کے اندر سندرکانڈ پڑھیں گے۔ پولیس سے بات چیت کے بعد اسے ملتوی کر دیا گیا۔
لیکن اس کے باوجود ایک اور ہندو تنظیم کے تین کارکنوں نے مال کے اندر سندرکانڈ پڑھنے کی کوشش کی۔ یہ تمام لوگ ہندو سماج پارٹی سے وابستہ ہیں۔ پولیس چوتھے شخص ارشد علی کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔ ہندو سماج پارٹی کے صدر کرن تیواری کو بھی پولیس نے گھر پر نظر بند کر دیا۔ کرن تیواری نے کہا تھا کہ وہ لولو مال جائیں گی اور سندرکانڈ پڑھیں گی۔ ہندو تنظیموں کے کارکنان کا مطالبہ ہے کہ مال کے اندر نماز پڑھنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے ورنہ وہ ایک ہفتے کے بعد احتجاج کریں گے۔