نئی دہلی:بی جے پی کے سینئیر لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ایک بار پھر اپنے بیان سے سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں ایک سینئر اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے عہدے کی پیشکش کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں یہ پیشکش لوک سبھا انتخابات 2024 سے پہلے کی گئی تھی۔ تو سوال یہ ہے کہ گڈکری نے اس پیشکش پر کیا کہا اور یہ پیشکش کرنے والا لیڈر کون ہے؟
ان سوالوں کے جواب تلاش کرنے سے پہلے جان لیجئے کہ مرکزی ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے یہ کب کہا۔ ان کا یہ اعلان ہفتہ کو اس وقت سامنے آیا جب لوک سبھا انتخابات کے بعد نریندر مودی کے وزیر اعظم کے طور پر دور اقتدار کو 4 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔ مرکزی وزیر ہفتہ کو ناگپور میں جرنلزم ایوارڈ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا، ‘اپوزیشن پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے مجھے وزیر اعظم کے عہدے کی پیشکش کی۔ مجھے کہا گیا کہ اگر میں راضی ہوا تو وہ مجھے وزیراعظم بنانے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا، ‘میں نے فوری طور پر اس پیشکش کو ٹھکرا دیا۔ میں نے اس لیڈر کو صاف کہہ دیا کہ میں نظریے اور ایمان پر یقین رکھنے والا شخص ہوں۔ میں نے ہمیشہ اصولوں پر کام کیا ہے۔
اے این آئی کے مطابق، گڈکری نے مزید کہا، ‘میں نے واضح کر دیا کہ مجھے ملک کا وزیر اعظم بننے کی کبھی خواہش نہیں تھی۔ اس لیے کسی پیشکش کو قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ میری پرورش ایسی ہوئی ہے کہ میں نے کچھ اصولوں اور عقائد کے ساتھ زندگی گزاری ہے جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
مرکزی وزیر نے کہا، ‘میں نے ان سے پوچھا کہ آپ میرا ساتھ کیوں دیں گے؟ اور میں آپ کا سہارا کیوں لوں؟ میری زندگی کا مقصد وزیراعظم بننا نہیں ہے۔ میں اپنے خیالات اور عقائد پر قائم ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ یقین ہماری ہندوستانی جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے، چاہے وہ صحافت ہو یا بیوروکریسی۔ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے یقین ضروری ہے۔
کمیونسٹ لیڈر اے بی بردھن ک ساتھ اپنی پرانی دوستی کو دہراتے ہوئے گڈکری نے کہا، ‘مجھ سے اکثر میری دوستی اور بردھن کے احترام کے بارے میں پوچھا جاتا تھا۔ مجھے ان کی پارٹی سے وابستگی اور یقین پسند آیا۔ سیاست ہو یا کوئی بھی پیشہ، اہم بات یقین ہے۔اگرچہ گڈکری نے اپوزیشن لیڈر کی شناخت ظاہر کرنے یا مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا، لیکن ان کے انکشاف نے لوگوں کو چونکا دیا۔
گڈکری، جو آر ایس ایس کے مضبوط لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں، کانگریس سمیت تمام جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھتے ہیں۔ مہاراشٹر میں گڈکری کے ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار جیسے لیڈروں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ مہاراشٹر سے باہر بھی دیگر پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ ان کے تعلقات خوشگوار رہے ہیں۔
نتن گڈکری کا شمار بی جے پی کے سب سے طاقتور لیڈروں میں ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ان کے سنگھ پریوار کے ساتھ بھی بہت قریبی تعلقات ہیں۔ ایسے میں پارٹی کے اندر گڈکری کے حامیوں نے کئی بار ایسے دعوے کیے ہیں کہ وہ مستقبل میں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے بہتر امیدوار ہو سکتے ہیں۔