ممبئی :
کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزام میں رئیلٹی شو بگ باس کے ساتویں سیزن کی فاتح ماڈل اور اداکارہ گوہر خان پر لگی پابندی ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوہر خان پر 60 دن کی لگی پابندی کو آج ختم کرنے پر غور کیا جارہا ہے جس کے بعد اداکارہ کو شوٹ کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔
اس سلسلے میں فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز (ایف ڈبلیو ای سی) کے عہدیداروں کے درمیان ایک میٹنگ ہوئی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ 30 مارچ یعنی آج کے دن گوہر خان پر عائد پابندی کو ختم کردیا جائے گا تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایف ڈبلیو ای سی کے صدر نے بتایا کہ گوہر خان نے اُنہیں دو معافی نامے بھیجے ہیں جن میں سے پہلا معافی نامہ اس کیس کے آغاز میں بھیجا گیا تھا جبکہ دوسرا حال ہی میں بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم شاید اداکارہ کو دوبارہ شوٹنگ کی اجازت دے دیں کیونکہ اُنہوں نے کئی ویب سیریز سائن کرلی ہیں جبکہ اُن کے پروڈیوسر نے ایف ڈبلیو ای سی عہدیداروں سے درخواست کی کہ انہیں شوٹنگ کی اجازت دی جائے کیونکہ ایسا نہ کرنے پر ان کی ٹیم کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود شوٹنگ پر جانے کی وجہ سے گوہر خان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
دوسری جانب گوہرخان کی ٹیم نے ان کے خلاف درج ایف آئی آر پر ردعمل دیتے ہوئے اداکارہ کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ شیئر کردی تھی، رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے تھے۔ کورونا وائرس رپورٹ منفی آنے کے باوجود بھی گوہر خان پر 60 دن کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ ایف ڈبلیو ای سی نے اپنے نوٹس میں کہا تھا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گوہر خان پر اگلے دو ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی یعنی اس عرصے کے دوران اداکارہ کسی قسم کی کوئی شوٹنگ وغیرہ نہیں کریں گی۔