نئی دہلی:
ٹوئٹر انڈیا نے غازی آباد سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان بزرگ کی پٹائی اور انہیں بے عزت کرنے کے معاملے میں 50ٹوئٹس پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ٹوئٹر انڈیا نے اس معاملے سے جڑے ویڈیو کے ایکسس پر روک لگا دی ہے۔ یعنی وہ ویڈیو ٹوئٹر انڈیا پر نہیں دیکھا جاسکتاہے۔
اس ویڈیو میں لونی کے مسلم بزرگ عبدالصمد سیفی کی مبینہ طور پرپٹائی کرتےہوئے اور بعد میں ان کی داڑھی کاٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ آن لائن پورٹل ’ستیہ ہندی ‘ کے مطابق سیفی نے بعد میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملزم انہیں اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے ، سنسان جگہ پر لے جا کر پیٹا اور جے شری رام کے نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔ بعدازاں پولیس نے کہاکہ ملزمین نے سیفی کو اس لئے پیٹا کہ انہوں نے اک تعویذ بنا کر دیا تھا، اس تعویذ سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر کی کارروائی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اترپردیش پولیس اس معاملے میں جانچ کررہی ہے ۔ اس سے پہلے ٹوئٹر انڈیا نے کہا تھاکہ پولیس جب چاہے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر منیش مہیشوری سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کرسکتی ہے ۔ وہ اس کے لیے تیار ہیں۔ اترپردیش پولیس نے ٹوئٹر انڈیا کو تعزیرات ہند کی دفعہ 153(فساد کے لیے اکسانا) 153A(فرقوں کےمابین نفرت کو فروع دینا) دفعہ 34(تشدد بڑھانے) کے تحت ٹوئٹر انڈیا کو نوٹس جاری کیا ہے ۔