غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری جاری ہے۔ حماس نے تصدیق کی ہے کہ محصور پٹی کے شمال میں اسرائیلی بمباری سے ایک یرغمالی خاتون ماری گئی ہے۔
تحریک حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ٹیلی گرام کے ذریعے دیے گئے ایک بیان میں کہا اسرائیلی بمباری کا نشانہ بننے والے غزہ کے شمالی علاقوں میں ایک یرغمالی خاتون کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہیں۔ ابو عبیدہ نے مزید کہا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں ہلاک اس اسرائیلی خاتون یرغمالی کے ساتھ موجود ایک اور قیدی کی زندگی کو ابھی تک خطرہ لاحق ہے۔ ان یرغمالیوں کی زندگیوں کی پوری ذمہ داری اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، ان کی حکومت اور ان کی فوج کے کمانڈروں پر عائد ہوتی ہے۔ ابو عبیدہ نے یہ بھی کہ دشمن کو وسیع پیمانے پر تباہی اور کچھ اسیروں کی موت کی وجہ سے اپنے مردہ اسیروں کی لاشوں کے غائب ہونے کے مخمصے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔