بنگلور : (ایجنسی)
ایک ہندو مہا سبھا لیڈر نے کرناٹک میں ہفتہ کو متنازع بیان دیاہے ۔ بیان میں لیڈر نے کہاکہ ہندوؤں کی رکشا (حفاظت) کےلیے ہم نے گاندھی کو بھی نہیں بخشا۔ ہندو مہا سبھا کے اس لیڈ رکا نام دھرمیندر ہے ۔ وہ منگلور میں منعقد ایک پریس کانفرنس کو خطاب کررہے تھے۔ یہ پریس کانفرنس یہاں مہندم کئےگئے مذہبی ڈھانچے کے تعلق سے منعقد کی گئی تھی ۔
ہندوستان نیوز کی خبر کےمطابق ہندو مہا سبھا لیڈر نے بی جے پی سرکارکے لیڈروں کو کھلے عام چیلنج دے ڈالے۔دھرمیندر نے کہاکہ جب ہم نے ہندوؤں کی حفاظت کے لیے مہا تما گاندھی کو نہیں بخشا تو تمہیں کیا لگتا ہے ہم تمہیں چھوڑ دیں گے ۔ اس نے کہاکہ سرکار نے چتر درگا ،جنوب کنڑ اور میسور میں مندروں کو مہندم کردیا ہے ۔ کون چلا رہاہے سرکار؟ اگر یہ سب کانگریس کے دور حکومت میں ہوا ہوتا تو تمہیں کیا لگتاہے کہ حالات ایسے ہی رہتے؟ اس لیڈرنے آگے کہاکہ جب تک ہندو مہا سبھا ہے، کسی بھی ہندو مندر کو مہندم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔