نئی دہلی: یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک بار پھر ملک میں ہندوؤں اور اقلیتوں کے حالات پر بات کی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ دنیا میں اگر کوئی ملک ہے جہاں اقلیتیں سب سے زیادہ محفوظ ہیں تو وہ بھارت ہے۔ انہوں نے ایک نیوز چینل کو انٹرویومیں کہا ہے کہ بھارت آج کی تاریخ میں سب سے زیادہ سیکولر ہے۔
’انڈیا ٹی وی ‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں یوگی نے کہا ’’ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہندوستان آج سیکولر ہے کیونکہ ہندو اکثریت میں ہے۔ یہاں ہر کسی کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ (ہندو) واسودھیوا کٹمومبکم کے پیغام پر یقین رکھتے ہیں اور اسے اپنی زندگی کا حصہ بناتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب دنیا میں بہت سے ممالک ہیں جہاں ان کے (اقلیتی) مذہبی مقامات کو مسمار کیا جا رہا ہے تو وہاں کوئی نہیں بول رہا۔ مثال سب کے سامنے ہے۔ تو لوگ ایسی باتیں کیوں کرتے ہیں، کیا اس ملک کو سخاوت کی سزا دو گے؟
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ لوگوں کو سناتن دھرم پر فخر محسوس کرنا چاہیے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دنیا کا قدیم ترین مذہب ہے، جو انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر راہ ہموار کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ معاشرہ اب جاگ چکا ہے۔ جیسا کہ ہندوستان اپنی آزادی کا امرت مہوتسو منا رہا ہے، ملک ہر روز نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔