بریلی:
بریلی کی عدالت میں دہلی سے لاپتہ ایک لڑکی کے دوسرے فرقہ کے لڑکے کے ساتھ ملنے پر ہندوتو وادی تن؍یم کے کارکنان نے ہنگامہ کیا اور مبینہ لو جہاد کا الزام لگاتے ہوئے لڑکے اور اس کے اہل خانہ کو گھیر لیا۔
ذرائع کے مطابق ہنگامے کے دوران لڑکا فرار ہوگیا، لیکن پولیس اس کے والدین اور لڑکی کو مہیلا تھانہ لے گئی۔ پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی کو دہلی سے بلایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ لڑکی اپنے بھائی کے ساتھ دہلی کے بدر پور علاقے میں رہتی تھی اور وہ کچھ دن پہلے ہی گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی ۔ اس کی گمشدگی کی رپورٹ وہاں کے تھانہ میں درج ہے ۔
بریلی مہیلا پولیس تھانہ کی انچارج انسپکٹر چترا سنگھ نے بتایا کہ لڑکی کی گمشدگی کی اطلاع دہلی میں درج کی گئی تھی اور پولیس کو اس کے بارے میں آگاہ کردیا گیا تھا۔ دہلی پولیس کی آمد پر لڑکی کو اس کے حوالے کردیا جائے گا۔ بجرنگ دل کے جوائنٹ کنوینر نیرج چورسیا نے بتایا کہ لڑکی ہندو ہے۔ چورسیا نے الزام لگایا کہ ملزمان اسے پچاس ہزار روپے میں فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے ، اس اطلاع پر ہم نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔