نیویارک :(ایجنسی)
عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نےافغانستان میں طالبان کی فتح کے بعد امریکہ کی افغانستان میں ناکامی کی شدید مذمت کی ہے۔
امریکی جریدے کے لیے لکھتے ہوئے انجلینا جولی نے امریکا کےافغانستان سے انتظامی امور کے فقدان کے ساتھ انتہائی غیرذمہ دارانہ انداز میں انخلاء کے بعد افغانستان کے لوگوں کے لیے فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔
انجلینا جولی نےامریکا کےافغانستان سے انخلاء کےبارے میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ افغانستان سےامریکا کے انخلاء کے بعد امریکی ہونے پر شرمندہ ہیں۔‘
انہوں نے لکھاکہ ’ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کا خیال ترک کرنا ، اور اپنے اتحادیوں اور حامیوں کو انتہائی افراتفری کے انداز میں چھوڑ دینا ، اتنے برسوں کی کوششوں اور قربانیوں کے بعد ،یہ ایک دھوکا اور ناکامی ہے جو میری سمجھ سے بالاتر ہے۔‘
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’اتنی خونریزی،کوششوں، قربانیوں اور وقت دینےکے بعد لگتا ہے کہ امریکا کے پاس اس انخلاء کی منصوبہ بندی کرنے کا کوئی اچھایا بہتر طریقہ کار نہیں تھا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ انخلاء کرنا کبھی بھی آسان عمل نہیں رہا لیکن انخلاء اس سے بہتر ، زیادہ مہذب اور محفوظ طریقےسے بھی ہوسکتا تھا۔‘