اسلام آباد :(ایجنسی)
دہشت گرد پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ اس کے لیے افغانستان میں ایک قاتل سے مدد مانگی گئی ہے۔ پاکستان میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی، خیبر پختونخوا ونگ نے وارننگ دی ہے۔ پاکستانی اخبار ’جنگ‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمران خان کی سیکورٹی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کریں۔
ایک سینئر پولیس افسر کے حوالے سے اخبار نے اطلاع دی کہ محکمہ نے 18 جون کو الرٹ جاری کیا تھا۔ حالانکہ دھمکی کو خفیہ رکھنے اور اسے سوشل میڈیا پر لیک ہونے سے روکنے کے احکامات تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے حالیہ دنوں میں عمران خان کو لاحق خطرے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فیاض چوہان نے کہا ہے کہ میرے پاس اطلاعات ہیں کہ کچھ لوگوں نے افغانستان میں ’کوچی‘ نامی دہشت گرد کو عمران خان کو قتل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عمران خان اعتماد کا ووٹ ہارنے کے بعد ڈھائی ماہ سے اقتدار سے باہر ہیں۔ اقتدار میں رہتے ہوئے انہوں نے امریکہ پر الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ بائیڈن حکومت انہیں اقتدار سے ہٹانا چاہتی ہے۔ تاہم واشنگٹن نے اس کی تردید کی ہے۔ عمران خان نے مئی کے ماہ میں کہا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ اس کے بعد پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے عمران خان کو ہر ممکن سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت سکیورٹی ایجنسیوں کو دی تھی۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کے روز کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اپنی پسند کا آرمی چیف رکھنے کا ارادہ نہیں کیا، جیسا کہ ان کے مخالفین نے الزام لگایا ہے۔ اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اپنی پسند کا آرمی چیف مقرر کرنے کا کبھی نہیں سوچا تھا۔