امروہہ (سالار غازی )
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پہلی سرکاروں نے صوبے کی چینی ملوں کو اونے پونے داموں میں فروخت کردیا، جبکہ بی جے پی کی ہماری سرکار نے ملوں کو چلانے کا کام کیا ہے، کیوں کہ کسانوں کے چہروں پر خوشی ہی حقیقی معنوں میں ملک کی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کی شوگر ملوں کو بند کرنے یا فروخت کرنے کے لیے نہیں بلکہ ان کو چلانے کے لیے کام کر رہی ہے۔کسان اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اسکیموں کو بلا تفریق عوام تک لے جا رہی ہے۔ انہوں نے سرکاری رہائش ، مفت راشن ، ایل پی جی گیس وغیرہ فراہم کرنے کے بارے میں بھی بات کی۔ اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ یوگی کشمیر میں آرٹیکل 370اور ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کا ذکر کرنا نہیں بھولے۔ انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ2022 میں ایک چھوٹی بھی بھول کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آنے والے چھ ماہ بہت اہم ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان چھ مہینوں میں بی جے پی میں شامل ہوں اور بی جے پی کو مضبوط بنائیں اور دوبارہ حکومت بنانے میں تعاون کریں، تاکہ کسانوں کے ساتھ ساتھ ہر طبقہ کے چہرے پر مسکراہٹ آئے۔ اس سے قبل انہوں نے تقریباً 433
کروڑ روپے مالیت کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس کے ساتھ مختلف اسکیموں کے اہل مستحقین کو سرٹیفکیٹ اور چابیاں بھی دی گئیں۔
اس موقع پر سابق ایم پی دیویندر ناگ پال ، کنور سنگھ تنور ، بی جے پی کے ضلع صدر رشی پال نگر ، ضلع انچارج ڈاکٹر وکاس اگروال ، ایم ایل اے سنگیتا چوہان ، راجیو تارارا ، مہندر کھڑگ ونشی ، ضلع پنچایت صدر للت سنگھ تنور ، قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر جے پال ، ہری سنگھ ڈھلون ، منڈی دھنورا چیئرمین راجیش سینی ، امروہہ بلدیہ ششی جین وغیرہ بھی موجود تھے۔