پنجاب اور دہلی میں حکومت کرنے والی عام آدمی پارٹی کو ہریانہ اسمبلی انتخابات میں زبردست جھٹکالگا ہے اب تک کے رجحان کے مطابق امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی۔ یہ نتائج دہلی اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل آئے ہیں۔ اب اسے کانگریس کے ساتھ اتحاد بنانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ اس نے ہریانہ میں زیادہ سیٹیں مانگی تھیں۔ کانگریس نے انہیں ایک بھی سیٹ نہیں دی۔ ہریانہ میں AAP نے 89 سیٹوں پر امیدوار کھڑے کیے تھے۔ اس کا کھاتہ کہیں نہیں کھلا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، AAP کو ریاست میں کل 1.77 فیصد ووٹ ملے۔ دوسری طرف جموں و کشمیر میں AAP کو ایک سیٹ ملی ہے۔ ڈوڈا قانون ساز سیٹ سے عام آدمی پارٹی کے معراج ملک نے جیت حاصل کی ہے۔ ملک نے دسمبر 2020 میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جموں و کشمیر میں AAP کو پہلی انتخابی کامیابی دلائی۔ گنتی کے مقررہ 13 راؤنڈ کے بعد، AAP لیڈر بی جے پی کے گجے سنگھ رانا سے 4,538 ووٹوں سے آگے تھے اور انہوں نے نیشنل کانفرنس کے خالد نجیب سہروردی کو 9,894 ووٹوں سے شکست دی۔ ڈوڈا سیٹ 2014 کے انتخابات میں بی جے پی کے شکتی راج نے جیتی تھی، لیکن روایتی طور پر 1962 کے پہلے انتخابات کے بعد سے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان گھومتی رہی ہے۔
ہریانہ میں کانگریس کے مقامی لیڈروں نے AAP کے ساتھ اتحاد کرنے کے خلاف رائے دی تھی۔ حالانکہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی اس کے حق میں تھے۔ راہل کا خیال تھا کہ اس سے ووٹوں کی تقسیم کو روکا جائے گا اور اپوزیشن کے پاس بی جے پی کو شکست دینے کا بہترین موقع ہے۔ لیکن بعد میں AAP کی بیان بازی نے اتحاد کے امکانات کو پس پشت ڈال دیا۔