نئی دہلی:(ایجنسی)
کانگریس نے لوک سبھا کی تین سیٹوں اور مختلف ریاستوں میں اسمبلی کی 29 سیٹوں کے لیے ہوئے ضمنی انتخابات میں کچھ مقامات پر خود کو ملی کامیابی کے بعد منگل کو کہاکہ ان نتائج سے واضح ہے کہ عوام کا رخ بدل رہا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ( کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔
پارٹی کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے یہ بھی کہا کہ اب وزیر اعظم نریندر مودی کو گھمنڈ چھوڑ کر زراعت سے متعلق تینوں’ کالے قوانین‘کو واپس لینا چاہئے اورپٹرول- ڈیزل گیس پر ’لوٹ ‘ بند کرنا چائے۔
سرجے والا نے ٹویٹ کیا کہ ’لوک سبھا ضمنی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کل 3 میں سے 2 سیٹیں ہار گئی۔ اسمبلی انتخابات میں بھی جہاں کانگریس – بی جے پی کی براہ راست مقابلہ ہے ، بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔ ہماچل پردیش ، راجستھان ، کرناٹک ،مہاراشٹر اس کا ثبوت ہے ۔‘
انہوں نے کہا، ’مودی جی، راج ہٹ چھوڑیں! تینوں کالے قوانین واپس لیں، پٹرول -،ڈیزل – گیس پر لوٹ بند کریں، انا کو ترک کردیں۔‘ کانگریس کے سینئر لیڈراور ہماچل پردیش انچارج راجیو شکلا نے کہاکہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے واضح ہے کہ قومی سطح پر بی جے پی کی مقبولیت کم ہو رہی ہے اورعوام کا رخ بدل رہاہے ۔
انہوں نے صحافیوں سے کہاکہ ’ہماچل میں ہم چار سیٹوں (ایک لوک سبھااور تین اسمبلی سیٹوں )پر جیتے ہیں ۔ لوک سبھا حلقہ منڈی کا نتیجہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ اب قومی سطح پر انتخاب میں بھی بی جے پی کی ہار شروع ہوگئی ہے ۔ ‘
شکلا نے کہاکہ ‘یہ نتیجہ بہت حوصلہ افزا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں کا رویہ بدل رہا ہے۔ ہمیں راجستھان میں جیت ملی ہے۔ ہم کرناٹک میں سی ایم کے آبائی ضلع میں جیت حاصل کی ہے۔ مغربی بنگال میں بی جے پی ہار گئی ہے ۔ واضح ہے کہ بی جے پی کی مقبولیت گر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ‘پچھلے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو منڈی میں 70 فیصد ووٹ ملے تھے۔ آج وہاں کانگریس جیت درج کی ہے۔ اگلے سال جب ہماچل پردیش میں انتخابات ہوں گے، تب تبدیلی آئے گی۔ عوام نے کانگریس کی حکومت بنانے کا ارادہ کر لیا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر آنند شرما نے ٹویٹ کیا، ’’ہماچل پردیش کانگریس کو ضمنی انتخابات میں جیت کے لیے دلی مبارکباد۔ لوک سبھا اور اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے کانگریس کے امیدواروں پر اعتماد کرنے کے لیے ہماچل پردیش کے ووٹروں کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا، ’’ہوا نے اپنا رخ بدل لیا ہے، بی جے پی کے لیے الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے‘‘۔ اہم بات یہ ہے کہ کانگریس نے ہماچل پردیش کی منڈی لوک سبھا سیٹ جیت لی ہے۔ بی جے پی نے مدھیہ پردیش کی کھنڈوا سیٹ جیتی ہے اور دادرا اور نگر حویلی کی لوک سبھا سیٹ شیوسینا کے کھاتے میں گئی ہے۔








