نئی دہلی :
جان لیوا اور مہلک ترین کورونا وائرس (کووڈ -19) کے پھیلاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز کی تعداد 46,393 سے بڑھ کر مجموعی تعداد 7,88,223 ہوگئی ہے ۔ منگل کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 96,982 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ 86 ہزار 49 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران موذی وبا سے 446اموات سے بڑھ کر مجموعی تعداد 1,65,547 ہوگئی ہے۔ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح 92.48 فیصد،ایکٹیو کیسز کی شرح 6.21 فیصد جبکہ ہلاکتوں کی شرح 1.30 فیصد ہے۔
کورونا کے معاملے میں ہندوستان ریکارڈ توڑ رہا ہے۔ ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد معاملات سامنے آرہے ہیں۔ اس سے مرکز سے لے کر ریاستوں تک میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ وزیر صحت ہرش وردھن آج 11 ریاستوں کے وزیر صحت سے میٹنگ کریں گے۔ جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی تمام وزرائے اعلیٰ سے بات کریں گے۔ مرکز نے 3 ریاستوں میں ماہرین کی ٹیمیں بھیجی ہیں۔
کورونا سے حالات پھر خراب ہوگئے ہیں۔ ہر طرف خطرہ پھر بڑھ گیا ہے۔ کورونا نے اتنی رفتار پکڑ لی ہے کہ سات آٹھ مہینوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ پہلی بارایک دن میں ملک میں ایک لاکھ سے زائد مریض مل رہے ہیں۔ ریاست مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ ، پنجاب میں حالات بدتر ہوگئے ہیں۔ ان تینوں ریاستوں میں مرکز نے ماہرین کی 50 ٹیمیں بھیجی ہیں۔ ان میں 30 ٹیمیںمہاراشٹر ، 11 چھتیس گڑھ ، 9 پنجاب گئی ہیں۔
11 ریاستوں کے وزرائے صحت کی میٹنگ
کورونا سے پھر بگڑتی ہوئی صورت حال کو کیسے کنٹرول کیا جائے۔ کیسے انفیکشن کو روکا جائے۔ کون سی نئی حکمت عملی بنائی جائے؟ میٹنگ پر میٹنگ طلب بلائی جارہی ہے۔ آج ہی وزیر صحت ہرش وردھن کی 11 ریاستوں کے وزیر صحت کے ساتھ میٹنگ ہے۔ ان ریاستوں میں مہاراشٹر، چھتیس گڑھ ، دہلی ، گجرات ، ہریانہ ، ہماچل پردیش ، جھارکھنڈ ، کرناٹک ، مدھیہ پردیش ، پنجاب اور راجستھان شامل ہیں۔
وہیں وزیر اعظم نریندر مودی خود آئندہ جمعرات کو تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس میں کورونا کی پوزیشن اور ویکسینیشن کے عمل دونوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ کورونا کی اس نئی لہر پر کوئی لاپروائیہ نہیں برتی جا سکتی، کیونکہ جس طرح سے کیسوں میں اضافہ ہورہا ہے اس سے ہر طرف خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 47,288 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ اس دوران 26,252 افراد کو چھٹی دی گئی اور 155 افراد کی موت ریکارڈ کی گئی۔
وہیں دہلی میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 3,548 نئے معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیز اس دوران 15 افراد کی موت ہوت واقع ہوئی ہے اور 2,936 افراد کو چھٹی دی گئی۔
ادھر اتر پردیش میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 3,999 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت ریاست میں فعال کیسز کی تعداد 22,820 ہے۔ ابھی تک 8,894 افراد انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز ریاست میں 1,61,270 نمونوں کی جانچ کی گئی۔