نئی دہلی:
کورونا بحران میں مہنگائی کی مار جھیل رہے عام آدمی پر ایک اور بوجھ پڑنے جا رہاہے۔ یکم جولائی یعنی جمعرات سے امول دودھ 2 روپے فی لیٹر مہنگا ہو جائے گا۔ کل سے ہی ملک کی تمام ریاستوں میں نئے ریٹ کے ساتھ امول دودھ ملے گا۔
امول کے تمام ملک پروڈکٹ امول گولڈ ، امول شکتی ، امول تازہ، امول ٹی – اسپیشل، امول سلم اینڈ ٹریم میں دو روپے فی لیٹر کے حساب سے اضافہ ہوگا۔
غور طلب ہے کہ کورونا بحران کی وجہ سے گزشتہ تقریباً ڈیڑھ سال سے لوگوں کے کام کاج پر کافی اثر پڑا ہے ۔ اس درمیان پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں بھی لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ ملک کے کئی حصوں میں پٹرول سو روپے فی لیٹر سے زیادہ دام میں بک رہا ہے۔
دریں اثناء پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کا اثر دودھ کی شرح پر پڑ رہا ہے۔ لاک ڈاؤن اور انلاک کے عمل کے مابین مارکیٹ مسلسل کھل رہی ہیں اور بند ہورہی ہیں ، ایسی صورتحال میں لوگوں کی ملازمت پر جاری بحران کے درمیان افراط زر کی بڑھتی ہوئی پریشانی ایک نئی تشویش ہے۔