پاسداران انقلاب کے سابق سیکریٹری ابراہیم رُستمی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیاروں سے بھی زیادہ طاقتور ہتھیار موجود ہیں۔ روسی خبرایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب کے سابق سیکریٹری ابراہیم رُستمی نے اس دعوے کی تفصیل نہیں بتائی۔
سابق اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملے کے لیے مشرق وسطیٰ میں تاریخی صورتحال آچکی ہے۔
جس کے بعد ایرانی پارلیمنٹ کے 39 اراکین نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل سے مطالبہ کیا تھا کہ یہودی ریاست کی دھمکیوں کے تناظر میں نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کی اجازت دی جائے۔ایران کا ڈیفنس ڈاکٹرائن سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے فتوی کے تحت ہے جس کے تحت نیوکلیئر ہتھیاروں کی تیاری کی ممانعت ہے
باخبر ذرائع کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر حملے کے اہداف کی منظوری دےدی ہے۔امریکی خبر رساں اداروں نے اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیلی کارروائی کیلئے ایرانی اہداف کی منظوری دیدی ہے
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مخصوص اہداف کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی یہ بات واضح کی گئی ہے کہ اسرائیل فوجی اہداف کو نشانہ بنائے گا یا نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متوقع اسرائیلی کارروائی کے آغاز کے لیے کوئی وقت مقرر نہیں کیا گیا