حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تدفین سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔سعودی میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی تدفین جمعہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کی جائے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ کل صبح تہران میں ادا کی جائے گی جس کے بعد میت کل دوپہر دوحہ منتقل کردی جائے گی اور شہید کی تدفین جمعے کو دوحہ میں کی جائے گی
تنظیم حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہنیہ کو ایران کے دارالحکومت تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید کردینے کی خبر سامنے آئی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حماس نے اسماعیل ہنیہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، وہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت
کیلئے ایران گئے تھے
7 اکتوبر سے اب تک اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے درجنوں افراد کو شہید کیا جاچکا ہے۔حماس کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک ہنیہ خاندان کے 60 سے زیادہ افراد شہید ہوچکے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں مقیم اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے کئی افراد کو اسرائیل نشانہ بنا چکا ہے، جون میں اسرائیلی فضائی حملے میں اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے 10 افراد شہید ہوئے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اپریل میں اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے، حازم، عامر اور محمد بمباری سے شہید ہوئے تھے جبکہ اس حملے میں اسماعیل ہنیہ کی 3 پوتیاں اور ایک پوتا بھی شہید ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں اسرائیل اسماعیل ہنیہ سے قبل بھی حماس کے کئی رہنماؤں کو شہید کرچکا ہے۔