مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل نے بالآخر ایرانی میزائل حملوں میں اپنے فوجی اڈے نشانہ بننے کا اعتراف کرلیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق قابض صہیونی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یکم اکتوبر کو (منگل کے روز) اسرائیل پر داغے گئے ایرانی میزائلوں نے اسرائیل کی 2 ائربیسز (2 فوجی اڈوں) کو نشانہ بنایا ہے اور ایرانی میزائلوں کا نشانہ بننے والے ائرفورس کے دونوں اڈے بہرحال فعال ہیں۔
صہیونی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل حملوں کا جواب دینے کے لیے جو وقت بہتر سمجھیں گے، تبھی جواب دیا جائے گا۔ اسرائیلی سیاسی قیادت کی ہدایت کا انتظار ہے، جیسے ہی ہدایات ملیں گی، اسی مقام اور وقت پر ایران کو نشانہ بنایا جائے گا۔
یاد رہے کہ یکم اکتوبر کی شب ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے تھے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔