ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جباری نے کہا ہے کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بریگیڈیئر جباری نے کہا ہے کہ ایران کا حملہ اسرائیل اور امریکا کے لیے بڑا سرپرائز تھا۔
انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائل نشانے پر لگے۔
دوسری جانب ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان نے اسرائیل کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں
ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
ایرانی جنرل کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ممالک ناکام رہے، اسرائیل کے اندر جس ہدف کو چاہا نشانہ بنایا ۔۔
انہوں نے مزید کہا کہ "لیکن اگر اسرائیل ہمارے ملک میں ایک مقام کو نشانہ بناتا ہے تو ہم درجنوں سکیورٹی، فوجی اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنا کر جواب دیں گے”۔
درایں اثناء ایران میں موبلائزیشن آرگنائزیشن کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل غلام رضا سلیمانی نے کہا کہ ان کا ملک نئی ٹیکنالوجی استعمال کرے گا جو اسرائیل کو حیران کر دے گی۔
ادھر امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے 30 منٹ تک بات چیت کی اور ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا عہد کیا۔