بلیا:(ایجنسی)
اپنے متنازع بیانات سےاکثر بحث میں رہنے والے اترپردیش وزیر مملکت برائےپارلیمانی امور آنند سروپ شکلا نے اب دعویٰ کیا ہے کہ سماج وادی پارٹی (ایس پی)کے صدر اکھلیش یادو کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تحفظ مل رہاہے۔ شکلا نے منگل کی رات اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت میں اکھلیش کے ذریعہ گزشتہ دنوں محمد علی جناح کو لے کر دئے گئےمبینہ بیان کے سلسلے میں پوچھے گئےسوال پر کہاکہ ’’ اکھلیش کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تحفظ اور مالی مدد مل رہی ہو‘‘ شکلا نے دعویٰ کیاکہ اکھلیش آئی ایس آئی کے اشارے پر ہی جناح کی تعریف کررہے ہیں ۔
اس سے قبل شکلا نے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راج بھر پر بھی دہشت گرد تنظیموں سے مدد لینے کا الزام لگایا تھا۔ راج بھر کی پارٹی کا گزشتہ 27 اکتوبر کو ایس پی کے ساتھ اتحاد ہوا ہے۔
پارلیمانی امور کے ریاستی وزیر نے الزام لگایا کہ اکھلیش وہی بیان دے رہے ہیں جو پاکستان اور طالبان چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناح کا موازنہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل سے کرنا قابل مذمت ہے اور اکھلیش کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہئے۔ غور طلب ہے کہ اتوار کو سردار پٹیل کی 146 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایس پی صدر اکھلیش یادو نے ہردوئی میں ایک جلسہ عام میں مبینہ طور پر کہا تھا کہ سردار پٹیل، بابائے قوم مہاتما گاندھی، جواہر لعل نہرو اور جناح نے ایک ہی انسٹی ٹیوٹ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اور بیرسٹر بن گئے اور انہوں نے ہندوستان کو آزادی دلانے میں مدد کی اور کبھی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے۔







