نوح میوات:( محمد صابر قاسمی)
ہریانہ کانگریس کے قدآور لیڈر و کانگریس پارٹی کے ڈپٹی لیڈر اور نوح کے ایم ایل اے چودھری آفتاب احمد نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے میوات مخالف بیان پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، شہیدوں کی سرزمین میوات کو بدنام کرنا بی جے پی کا سوشہ ہے۔ میواتی قوم کی سرفروشی اور جانباز قوم کو اور اس کے جائے مسکن علاقہ میوات پر سوال اٹھانا انتہائی شرمناک ہے۔ آفتاب احمد نے کہا کہ جس سرزمین سے میواتیوں نے مغلوں، انگریزوں سے ملک کی آزادی کی جنگ لڑتے ہوئے لوہا لیا ہو اور بڑی قربانیاں دی ہوں ۔ آج تعصب کے چشمے سے یوپی کا وزیر اعلیٰ میواتی قوم کی غلط تصویر پیش کرے، اس کو میواتی قوم کبھی برداشت نہیں کرے گی یہ بیان اس قوم کی عصمت کا سوال ہے۔
غور طلب ہے کہ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک جلسہ عام میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ میواتی یہاں آ کر پریشانی پیدا کر رہے ہیں۔ ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ10 مارچ کے بعد ان کا علاج کردیا جائے گا اور ساری گرمی ٹھنڈی کر دی جائے گی۔ جس گرمی کو میواتی یوپی میں دکھا رہے ہیں، یوگی نے میواتیوں پر مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب چیونٹی کے پنکھ نکل آئیں تو سمجھ لیں کہ اس کی موت کا وقت آ گیا ہے۔سی ایل پی کے ڈپٹی لیڈر آفتاب احمد نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ بی جے پی اور اس کے لیڈر میوات خطے کو بغیر کسی وجہ کے بدنام کر رہے ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے دور میں لا ءاینڈ آرڈر صفر تھا اور وہ خود اس کے ذمہ دار ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ پر اترپردیش کی اہم اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران مسلسل مجرموں کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے رہے ہیں لیکن اپنی ذمہ داری کے بجائے میوات اور میواتی قوم کو بدنام کرنا بالکل غلط اور بے سمت ہے۔
آفتاب احمد نے مقامی ایسے میو لیڈران پر تنقید کی،جو یوگی کی پارٹی کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان کے آنے کے بعد بھی اگر 36 کا چولا پہن کر یوگی کی پارٹی کے لیے ووٹ مانگتے ہیں تو میواتی عوام کو جواب دیں کہ وہ کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ میوات کے مقامی بی جے پی لیڈر کس اخلاق کے ساتھ اتر پردیش میں ایسے لیڈر کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں جو بغیر کسی وجہ کے کھلے پلیٹ فارم سے میوات اور میواتی قوم کو بدنام کر رہا ہے ۔
آفتاب احمد نے کہا کہ میوات کے لوگ پہلے مغلوں سے لڑے، پھر انگریزوں سے لڑے اور آج وہ بی جے پی کی امتیازی سلوک اور سماج کو تقسیم کرنے کی پالیسیوں کے خلاف ڈٹ کر لڑ رہے ہیں اور ہمیشہ اس ملک دشمن اور نظریے کے خلاف لڑتے رہیں گے۔