نئی دہلی:جماعت اسلامی ہند کے وفد نے آج سنبھل کا دورہ کیا، وفد نے متاثرین سے اظہار یک جہتی اور خیر سگالی ملاقات کی۔ شہر کے دینی و ملی ذمہ داران سے مل کر شہر کے حالات اور 24 نومبر کو کیا کچھ ہوا تھا اس کی تفصیلات معلوم کیں۔ وفد نے مہلوکین کے ورثاء سے مل کر صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کی اور ان کو ہر قسم کی قانونی مدد و رہنمائی کی یقین دہانی کرائی۔وفد شہر کے با اثر اور جہد کاروں سے اور وکلا سے بھی ملا جو ان مقدمات کی پیروی کر رہے ہیں یا قانونی کارروائی کے لیے سرگرم ہیں۔
وفد کی ملاقات مسجد کی نئی کمیٹی اور بعض پرانی کمیٹی کے ممبران سے بھی ہوئی، وفد نے تلقین کی کہ کسی بھی طرح کا اختلاف ہمیں کمزور کرے گا اور مخالفین کو فائیدہ پہنچائے گا۔
سکریٹری ملی امور شفیع مدنی کی قیادت میں جانے والے مذکورہ وفد میں امیر حلقہ مغرب مولانا ضمیر الحسن فلاحی، واثق ندیم ، انعام الرحمن ، محمد سلمان ، اور حلقہ و مقام کے دیگر کئی ذمہ داران شریک تھے۔
وفد میں شریک اسسٹنٹ سیکریٹری جماعت اسلامی انعام الرحمن نے روزنامہ خبریں سے گفتگو میں بتایا کہ شہر میں امن ہے ،لوگوں کی آمدورفت معمول کے مطابق ہے اور ان میں کسی طرح کا کوئی خوف و ہراس نہیں ہے،شاہی جامع مسجد میں معمول کے مطابق ہنچوقتہ نماز ہورہی ہے ـجو لوگ شہید ہوئے ہیں ان کے ورثاء قانونی جنگ لڑنے کے لئے ہرعزم ہیں ـ وہیں اے پی سی آر کے سکریٹری واثق ندیم نے کہا کہ ہم نے انصاف کے لئے الہ آباد ہائی کورٹ میں پی آئی ایل داخل کردی ہے مظلومین کو انصاف دلاکر رہیں گے ،اور ظلم کرنے والوں کو سزا دلانے کی ہر ممکن قانونی جدوجہد کریں گے