ممبئی:
بالی ووڈ کے مشہور رائٹر جاوید اختر نے بمبئی ہائی کورٹ میں ایک مداخلت کی درخواست داخل کی ہے ۔ جمعہ کو دائر عرضی میں اداکارہ کنگنا رناوت پر پاسپورٹ کی تجدید کاری کے لیے کورٹ سے کچھ حقائق چھپا ئے جانے کا الزام لگایا گیا ہے ۔ کورٹ سے مداخلت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے جاوید اختر نے کہاکہ ہائی کورٹ نے ان سے پوچھا تھا کہ کیا ان کے خلاف کوئی فوجداری کیس ہے تو انہوں نے انکار کردیا اور کہا کہ ان کے خلاف صرف دو ہی کیس فائل ہوئے ہیں،لیکن انہوں نے کورٹ کو یہ نہیں بتایا کہ میں نے بھی کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ کیا ہے جو مجسٹریٹ کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔
بتادیں کہ کنگنا رناوت نے سشانت سنگھ راجپوت کے انتقال کے بعد ایک ٹی وی انٹرویو میں جاوید اختر کو لے کر تبصرہ کیا تھا ، جس پر جاوید اختر نے نومبر 2020 میں کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا کیس درج کیا تھا، اس کے بعد یکم مارچ کو کنگنا کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا تھا، 25 مارچ کو اداکارہ کو بیل مل گئی لیکن کیس ابھی بھی زیر سماعت ہے ۔