کانپور :(ایجنسی)
سی اے اے تشدد کیس میں حیات ظفر ہاشمی پر نرمی برت کر اس کو کلین چٹ کیوں دی گئی تھی، اب اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس کمشنر نے اس کی پرانی فائل کھول دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس کی پوری زائچہ بھی کھنگالی جارہی ہے۔ کلین چٹ دینے والے پولیس اہلکاروں سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ تحقیقات میں دیکھا جائے گا کہ حیات کو کس بنیاد پر کلین چٹ دی گئی تھی۔
امراجالا کی رپورٹ کے مطابق حیات کو سی اے اے تشدد کے ایک کیس میں ملزم بنایا گیا تھا۔ مگر چارج شیٹ میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔ تحقیقات کے دوران ان کا نام نکال دیا گیا تھا جبکہ فیس بک پر ان کی کئی ویڈیوز پوسٹ کی گئیں تھیں جن میں انہیں لوگوں کو اکساتے ہوئے سنا گیا۔ انہوں نے بھیڑ کو اکٹھا کرنے میں بڑا کردار ادا کیاتھا۔ اس کے باوجود انہیں کلین چٹ دے دی گئی۔ اب جب وہ تشدد کے معاملے میں گرفتار ہوئے تو پرانے کیس بھی کھلنے لگے ہیں۔
وہیں سی سی اے تشدد میں بھیڑ کو جٹانے ، بھڑکانے اور تشدد کرانے کی سازش میں جو لوگ شامل رہے تھے ، ان کے بارے میں بھی پوری جانکاری اکٹھی کی جارہی ہے ۔تشدد کے جو کیس درج کئے تھے ان میں سے حیات کے علاوہ کن کن لوگوں کا نام باہر ہوا تھا، کن بنیاد پر ہوا تھا، ان پہلوؤں پر بھی جائزہ لیا جارہاہے ۔
پولیس کمشنر وجے سنگھ مینا نے بتایا کہ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ دیکھا جا رہا ہے کہ کس بنیاد پر کیس سے نام نکالا گیا۔ اگر شواہد کو نظر انداز کر کے ایسا کیا گیا ہے تو ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ‘