تہران اور واشنگٹن کے درمیان تناؤ بڑھتے ہی ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کوئی بھی نئی جنگ علاقائی ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ ’امریکیوں کو جان لینا چاہیے کہ اگر انھوں نے جنگ شروع کی تو اس بار یہ علاقائی جنگ ہوگی۔‘
ایرانی نشریاتی ادارے کے مطابق خامنہ ای امام خمینی کی حسینیہ میں ’لوگوں کے ایک بڑے ہجوم سے‘ خطاب کر رہے تھے۔
خامنہ ای نے کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ وہ کبھی کبھی جنگ کے بارے میں بات کرتے ہیں اور ہوائی جہازوں اور بحری بیڑوں وغیرہ کے بارے میں بات کرتے ہیں،‘ اور ’ماضی میں، امریکیوں نے اپنی تقریروں میں بارہا دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ جنگ کے آپشن سمیت تمام آپشن میز پر ہیں۔‘انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ذکر کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ ’اب یہ شریف آدمی (ٹرمپ) بھی مسلسل یہ دعویٰ کرتا ہے کہ ہم جنگی جہاز لائے ہیں اور ایرانی قوم کو ان باتوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، ایرانی عوام ان دھمکیوں سے متاثر نہیں ہوئے‘۔
خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ ایران جنگ شروع کرنے والا نہیں ہے اور اس کا کسی ملک پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، لیکن ’ایرانی قوم ہر اس شخص کے خلاف سخت ضرب لگائے گی جو اس پر حملہ کرے گا اور اسے ہراساں کرے گا۔‘








