نئی دہلی :
سیاست میں کب کون کدھر کا رخ کرسکتا ہے یہ سمجھ پانا بہت آسان نہیں ہے،لیکن یہ طے ہے کہ سیاست میں کچھ بھی مستقل نہیں ہے ۔ پیگاسس جاسوسی معاملےکی جانچ کرانے کو لے کر کئی دنوں سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن سرکار پر دباؤ بنانے میں لگی ہے۔ اس کو لے کر بار بار پارلیمنٹ کا اجلاس بھی ملتوی کیا جارہاہے ۔
اس درمیان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی اپوزیشن کے سر میں سر ملاتے ہوئے سرکار سے اس کی جانچ کرانے کی مانگ کرکے سرکار کے لیے نئی مصیبت کھڑی کردی ہے۔ نتیش کے اس رخ سے آر جے ڈی لیڈر لالو پرساد یادو نے خوشی کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نتیش کمار ہمارے دل میں رہتے ہیں۔ کہا:’ رشتے تو بنتے -بگڑتے ہیں اور ہم لوگ تو ساتھ میں رہے ہیں۔ یہ سیاست میں پھر کسی بڑی تبدیلی کا اشارہ ہے ۔
واضح رہے کہ سماج وادی لیڈر شرد یادو سے ملنے پہنچے لال پرساد یادو نے بعدمیں میڈیا سے بات چیت میں نتیش کے بار ے میں اپنی رائے رکھی، حالانکہ انہوں نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ کیا جلد ہی ان کی پارٹی اور نتیش کمار کے درمیان کوئی اتحاد ممکن ہے۔ فی الحال نتیش کمار کی پارٹی جے ڈی یو اور مرکز دونوں جگہ این ڈے اے کا حصہ ہے ۔