نئی دہلی :
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سپریمو لالو پرساد یادو جلد ہی بہار میں پھر انٹری لے سکتے ہیں۔ ان کے بیٹے تیجسوی یادو نے گزشتہ روز بدھ کے دن اس کی جانکاری دی۔ غور طلب ہے کہ لالو ابھی دہلی میں ٹھہرے ہوئے ہیں اور اس سے پہلے تین سال سے زیادہ وقت سے جھارکھنڈ کی جیل میں بند تھے۔ یعنی تقریباً اتنے وقت تک وہ بہار سے باہر ہی رہے ۔ اب ان کے بہار میں لوٹنے کی خبروں کے بعد آر جے ڈی کی قیادت والی مہا گٹھ بندھن میں خوشی کی لہر ہے۔
تیجسوی نے نئی دہلی سے پٹنہ واپس آنے کے بعدایئر پورٹ پر میڈیا اہلکاروں کو لالو یادو کے واپس آنے کی جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ ’ موجودہ وقت میں لالو جی کے صحت کی دیکھ بھال کرنا سب سے ضروری ہے ۔ یہ کورونا وائرس وبا کا بھی وقت ہے ۔ وہ ابھی ڈاکٹروں کی دیکھ ریکھ میں ہیں اور ہم ان کے ساتھ جڑے ہیں۔ وہ جلد ہی پٹنہ لوٹ سکتے ہیں ، شاید کچھ ہی دنوں میں ۔
واضح رہے کہ تیجسوی یادو گزشتہ دو مہینے سے دہلی میں لالو کے ہی ساتھ ہی رہے ہیں ۔ وہ لالو کو جھارکھنڈ کی جیل سے ضمانت ملنے کے بعد ہی ان کے ساتھ دہلی چلے گئے تھے، جہاں اے آئی آئی ایم میں لالو کا علاج جاری ہے ۔ دو ہفتہ پہلے ہی لالو نے اپنا یوم پیدائش منایا تھا، جس کی کچھ تصاویر وائرل بھی ہوئی تھیں۔ آر جے ڈی سپریمو کے بہار لوٹنے کی خبر پر مہا گٹھ بندھن کے لیڈروں کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے ۔ کئی لیڈروں کا کہنا ہے کہ لالو کے لوٹنے سے ان کے اندرپھر سے جوش پیدا ہو گیا اور اس سے این ڈے اے کی بنیاد تک ہل جائے گی۔