ممبئی :(ایجنسی)
ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا ہے کہ ممبئی کے تمام مندروں اور مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا ئے جائیں گے۔ بتادیں کہ مہاراشٹر نو نرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے ادھو ٹھاکرے حکومت کو خبردار کیا تھا کہ 3 مئی تک مہاراشٹر بھر کی مساجد کے آگے سے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیے جائیں۔
گزشتہ دنوں، مہاراشٹر میں بی جے پی ایم پی نونیت رانا اور ان کے ایم ایل اے شوہر روی رانا کے ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے پر کافی تنازع ہوا تھا۔
ممبئی کی میئر نے پیر کو کہا کہ نہ تو مسلمانوں نے اور نہ ہی کسی نے ہنومان چالیسا کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے ایک ہے اور انہوں نے سب سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
میئر نے کہا کہ لاؤڈ اسپیکر کا استعمال ان قوانین کے مطابق کیا جائے جو صوتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بنائے گئے ہیں اور اگر کوئی اس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اسے ہٹا دیا جائے۔
میئر نے کہا کہ اگر راج ٹھاکرے نے اپنی تقریر میں کوئی قابل اعتراض بات کہی تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے کی وجہ سے ہی مندروں سے لاؤڈ اسپیکر ہٹائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایم این ایس کارکنوں کو متنبہ کیا کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں ورنہ ان کی ساری زندگی عدالتوں کے دھکے کھاتے گزر جائے گی۔