ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کے ایک مجاہد اور محافظ، یحییٰ سنوار کی شہادت پر غمزدہ ہے، جنہیں ظالم صیہونی حکومت نے بے دردی سے شہید کر دیا۔ انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر بین الاقوامی برادری امن اور انصاف کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے، جس سے تنازع کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔
ور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اس قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ثابت ہو چکا ہے کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہدکو کمزور کرنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ ملائیشیا زور دیتا ہے فلسطینی عوام کے مسلسل قتل و غارت کو فوری طور پر روکا جائے۔
خیال رہے کہ 16 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز جب رفح کے علاقے میں آپریشن کر رہی تھیں تو اس وقت ان پر ایک عمارت سے فائرنگ کی جس کے جواب میں صیہونی فورسز نے ٹینک سے اس عمارت پر فائرنگ اور بمباری کی اور جب عمارت کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون کیمرا اندر بھیجا تو ایک شخص تباہ حال عمارت میں زخمی حالت میں صوفے پر بیٹھا تھا۔