مالیگاؤں :(پریس ریلیز) قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام اور مالیگاؤں سوسائٹی آف ایجوکیشن، جے اے ٹی کالج فار ویمن مالیگاؤں، سٹی کالج مالیگاؤں، انجمن ترقی تعلیم، انجمن محبانِ اردو کتب کے اشتراک و تعاون سے نیو سٹی کالج و اے ٹی ٹی ہائی اسکول مالیگاؤں میں ۱۸ تا ۲۶ دسمبر کو ہونے والے قومی کتاب میلہ کے سلسلے میں آج یہاں ہوٹل رادھیکا میں پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا ـ اس موقعے پر کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے میڈیا کے تمام نمایندگان کا شکریہ ادا کیاـ شیخ عقیل نے کہا کہ کونسل کی طرف سے منعقد ہونے والا یہ چوبیسواں کتاب میلہ ہے اور ۲۰۱۴ میں یہاں مقامی کتاب میلہ کے انعقاد کے بعد صرف سات سال بعد دوسرا میلہ اس لیے کیا جا رہا ہے کہ مالیگاؤں ایسی جگہ ہے جہاں کے لوگ اردوزبان سے جنون کی حدتک محبت کرتے ہیں جس کے لیے میں ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور مبارکباد پیش کرتاہوں ـ شہریانِ مالیگاؤں کی اردو سے محبت ہی ہے کہ اس میلے میں سٹال بک کرنے کے لیے 300 پلیشرز نے اپلائی کیا تھا مگر جگہ کی قلت کی وجہ سے ہم صرف 163پبلیشرز کو منظور کر سکےـ انھوں نے میلے کے سلسلے میں تفصیلی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ میلہ کل دس بجے سے شروع ہوگا، وزیر مملکت برائے تعلیم آرآر سنگھ آنلائن افتتاح کریں گےـ ان کے علاوہ افتتاحی پروگرام میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ یہاں کے ایم پی بھی شریک ہوں گےـ شیخ عقیل نے بتایا کہ ہم چاہتے تھے کہ اس میلے کو مالیگاؤں ہی نہیں پورا مہاراشٹر یاد رکھے اور بہت سے تعلیمی و ثقافتی پروگرام کا خاکہ بنایا گیا تھا، مگر افسوس ہے کہ کورونا کی نئی قسم کے خطرات کی وجہ سے ہمیں کئی تعلیمی و ثقافتی پروگرام ملتوی کرنا پڑے ـ انھوں نے کہا کہ اس میلے میں ہم کورونا پروٹوکول کو پوری طرح فالو کریں گے، میلے میں داخلے کے لیے ماسک ضروری ہوگا، بغیر ماسک میلے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ـ ہمیں امید ہے کہ مالیگاؤں کے محبان اردو وبائی صورتحال کی رعایت کرتے ہوئے میلے سے استفادہ کریں گےـ دیگر ہدایات پر بھی ہم عمل کریں گے اور اس سلسلے میں تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے ـ میلے کا آغاز دس بجے صبح سے شام چھ بجے تک ہوگاـ 24 تاریخ خواتین کے لیے خاص ہوگی ـ انھوں نے کہا کہ اس میلے میں بچوں کا ہم نے خاص خیال رکھا ہے اور میلے کا تھیم ہی اردو کتاب اور نیوجنریشن ہے ـ بچوں کی کتاب سے دوری کی وجہ سے ہم نے سوچا کہ انھیں کتاب کی طرف متوجہ کیا جائےـ ہم چاہتے ہیں کہ بچے بڑے بوڑھے سب کتاب کی طرف متوجہ ہوں کیوں کہ کتاب سے اچھا ساتھی کوئی نہیں ہوتاـ اپنی تخلیقی، علمی و ذہنی صلاحیت کے اضافے کے لیے بھی ہمیں کتاب پڑھنی چاہیےـ میری مالیگاؤں اور تمام مہاراشٹر کے لوگوں سے اپیل ہے کہ اس کتاب میلے میں ضرور آئیں، عمدہ کتابیں خریدیں اور اپنے گھر میں چھوٹی سی لائبریری بنائیں ـ نئی نسل بلکہ بڑے لوگوں میں بھی موبائل سے چپکے رہنے کی بیماری عام ہوگئی ہے حالاں کہ موبائل بے شمار بیماریوں کا سبب ہے، اس لیے ہمیں موبائل کے بجائے کتابوں کی طرف متوجہ ہونا چاہیےـ اچھا ادیب عالم اور تخلیق کار وہی ہو سکتا ہے، جسے کتابوں سے بہت زیادہ محبت ہوـ لوگوں میں کتابوں سے محبت پیدا کرنے اور لائبریریوں کے احیا کے لیے ہم مختلف شہروں میں کتاب میلہ کرتے رہتے ہیں، یہ اسی سلسلے کی کڑی ہےـ مجھے امید ہے کہ یہ میلہ فروغِ اردو اور کتابوں سے تعلق پیدا کرنے کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگاـ
شیخ عقیل نے کہا کہ میں میڈیا بمایندگان کے ذریعے تمام مالیگاؤں اور مہاراشٹر کے محبان اردو سے اپیل کرتاہوں کہ اس میلے میں آئیں اور اپنے بچوں کو بھی ساتھ لائیں ـ میں مقامی تنظیموں خصوصا مالیگاؤں سوسائٹی آف ایجوکیشن اور دیگر ان تمام ادبی و سماجی تنظیموں کا کونسل کی طرف سے خصوصی شکریہ ادا کرتاہوں جن کے اشتراک و تعاون سے یہ میلہ منعقد کیا جا رہا ہے ـ
اس موقعے پر مالیگاؤں سوسائٹی آف ایجوکیشن کے صدر جناب یسین درگاہی،جناب امتیاز خلیل، قومی کونسل سے جناب محمد احمد، جناب اجمل سعید، افضل حسین خان اور درجنوں اخباری نمایندگان موجود رہےـ شیخ عقیل نے میلے کے تعلق سے صحافیوں کے سوالات کا جواب بھی دیاـ