کولکاتا :
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی بیان بازی میں شدت آگئی ہے۔ ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جنوبی دیناج پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاست کا بہت تجربہ ہے اور وہ بنگال کو دہلی کے’ دو غنڈوں ‘کے ہاتھ میں جانے نہیں دیں گی۔ میں کوئی کھلاڑی نہیں ہوں ، لیکن میں یہ اچھی طرح سے جانتی ہوں کہ کیسے کھیلنا چاہئے۔ میں اس سے پہلے لوک سبھا میں بہترین کھلاڑی تھی۔ ہم بنگال کو دہلی کے دو غنڈوں کے حوالے نہیں کرسکتے ہیں۔
ممتا بینرجی نے ٹویٹر پر کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہر وقت ایک راشٹر ،ایک پارٹی ، ایک لیڈرکہتی رہتی ہے ، لیکن لوگوں کی جان بچانے کے لیے ویکسین کی ایک قیمت طے نہیں کرسکتی ۔ہر ہندوستانی کو عمر ، ذات ، نسل ، جگہ سے قطع نظر مفت ویکسین کی ضرورت ہے۔ چاہے مرکز یا ریاست کوئی بھی اس کی ادائیگی کرے ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کا ریاست میں ایک بار پھر لاک ڈاؤن لگانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی لاک ڈاؤن لگانے کا کوئی سوال نہیں ہے۔ ایسا کرنے سے ، لوگ اپنی زندگی کیسے گزاریں گے۔ یہاں تک کہ نائٹ کرفیو بھی اس کا حل نہیں ہے۔
ادھرترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ریاستی وزیر تعلیم پارتھ چٹرجی نے ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی آپ پریشان لوگوں کا رونانہیں سن سکتے۔ یہ وہی بھارت ہے جس نے آپ کو ووٹ دیا اور اب وہ سانس لینے کے لئے تڑپ رہا ہے۔