وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات آج دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔ اس سے پہلے ان کا جسد خاکی کانگریس دفتر ہر رکھا گیا جہاں خاص وعام نے آخری دیدار کیا سپردآتش کرتے وقت صدرجمہوریہ ،وزیراعظم سمیت مرکزی کابینہ کے سینیئر وزراء ،اپوزیشن لیڈر اور سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد موجود تھے۔واضح رہے کہ 10 برسوں تک ملک کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر منموہن سنگھ کا 92 سال کی عمر میں گزشتہ دنوں انتقال ہو گیا تھا۔آخری رسومات میں بیرون ممالک کی بھی کئی اہم شخصیات نے نم آنکھوں کے ساتھ انھیں الوداع کہا۔ بیرون ملکی شخصیات میں بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامیگل وانگ چک اور ماریشش کے وزیر خارجہ دھننجے رام پھل کا نام قابل ذکر ہے،
موصولہ اطلاع کے مطابق ماریشس اور بھوٹان دونوں ہی ممالک نے اپنے قومی پرچم کو 28 دسمبر کے لیے نصف سرنگوں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماریشس کی حکومت نے ڈاکٹر منموہن کے احترام میں 28 دسمبر کو اپنا قومی پرچم نصف جھکا رکھنے کا اعلان کیا اور ایک نوٹ میں ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رامگولم کے دفتر نے پرائیویٹ سیکٹر سے بھی پرچم کو نصف جھکائے رکھنے کی گزارش کی۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ماریشس کے وزیر اعظم نوین چندر رامگولم نے پورٹ لوئس میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی یاد میں ایک تعزیتی کتاب پر دستخط بھی کیے۔