متھرا :(ایجنسی)
اس بار اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں متھرا کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔ بی جے پی ایودھیا اور وارانسی کے بعد اسے ہندوتوا کے نئے قلعے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جمعرات کو امت شاہ نے متھرا میں عوامی رابطہ مہم چلائی۔ تاہم گزشتہ اسمبلی انتخابات میں متھرا ضلع میں زبردست جیت درج کرنے والی بی جے پی کو اس بار کافی چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ متھرا اسمبلی سیٹ پر بھی بی جے پی امیدوار کو اپوزیشن پارٹیوں سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
بھگوان کرشن کی جائے پیدائش متھرا میں ہی ہے۔ گزشتہ دنوں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے ایودھیا اور کاشی کے بعد متھرا میں بھی کایا کلپ کرنے کی بات کی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے پانچ سالوں میں 18 بار متھرا کا دورہ کرچکے ہیں۔ مندر کے احاطے میں ہی شاہی عیدگاہ مسجد ہے جسے مغل حکمران اورنگزیب کے دور میں تعمیر کی گئی تھی۔ یہاں بھی ایودھیا کی طرح مسجد کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے عرضی داخل کی گئی ہے۔
یہاں کے لوگوں کے لیے مندر کی ترقی ایک بہت ہی جذباتی مسئلہ ہے۔ اس لیے کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ بی جے پی حکومت آنے کی وجہ سے یہاں مرمت کا کام ہو رہا ہے۔ بی جے پی کے موجودہ ایم ایل اے شری کانت شرما نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں کہا کہ یہ حکومت سناتن دھرم کے لوگوں کی ہے، اس لیے مندر کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری پارٹیوں کے لوگوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔
حالانکہ متھرا میں بھی مسلمانوں کی بڑی آبادی ہے۔ متھرا میں تقریباً 15 سے 17 فیصد مسلمان ہیں۔ زیادہ تر مسلم ووٹروں کا ماننا ہے کہ بی جے پی حکومت میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے اور سیاحت بھی وبائی امراض کی زد میں آئی ہے۔ متھرا کے سابق ایم ایل اے پردیپ ماتھر کا ماننا ہے کہ کرشن جنم بھومی بی جے پی کے لیے صرف ایک بہانہ ہے، حالیہ دنوں میں متھرا میں بی جے پی لیڈروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی لیڈر عام لوگوں کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور اس حکومت نے ترقیاتی کام نہیں کیے ہیں۔
بتا دیں کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے شری کانت شرما نے کانگریس کے پردیپ ماتھر کو ایک لاکھ کے فرق سے شکست دی تھی۔ اس الیکشن میں بی جے پی نے پھر سے شری کانت شرما کو میدان میں اتارا ہے اور کانگریس نے پردیپ ماتھر کا ٹکٹ برقرار رکھا ہے۔ آر ایل ڈی اتحاد نے اس بار دیویندر اگروال کو ٹکٹ دیا ہے۔