متھرا :
متھرا کے ورنداون کمبھ میلہ میں آر ایس ایس کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے مابین نوک جھونک ہوگئی۔ یہاں سنگھ کے ایک عہدیدار کے ساتھ پولیس کے ذریعہ مار پیٹ کرنے کا الزام ہے ،وہیں چنگی چوراہے پر نوجوانوں نے پولیس اہلکاروں کو دوڑا دوڑا کر پیٹا۔جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ واقعے کے بعد آر ایس ایس ، بی جے پی اور ہندوتووادی تنظیموں کے عہدیدار اور کارکنوں کا کوتوالی میں بھیڑ جمع ہوگئی ۔ کارکنوں نے پولیس انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔
آن لائن ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق گزشتہ روز آر ایس ایس کے ضلع پرچارک منوج کمار کمبھ میلہ میں دیورا گھاٹ پر ریلنگ عبور کر کے یمنا میں اسنان کے لیے جارہے تھے۔وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے ریلنگ عبور کر کے یمنا میں جانے سےمنع کیا۔ اسی بات پر پولیس اہلکار اور آر ایس ایس کے عہدیدار کے مابین تنازع ہوگیا۔ الزام ہے کہ یہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے آر ایس ایس کے عہدیدار کومار پیٹا۔ جیسے ہی اس کی اطلاع سنگھ اور بی جے پی کارکنان ملی انہوں نے کمبھ میلہ میں بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔
وہیں واقعہکی اطلاع ملنے پر سی او صدر اور میلہ انچارج بھی موقع پر پہنچ گئے، جس کے بعد دونوں فریق کوتوالی پہنچے۔ کوتوالی میں بی جے پی کے ضلع صدر مدھو شرما ، سٹی صدر ، سنگھ کے عہدیدار ، وی ایچ پی کارکنان سمیت درجنوں ہندو تنظیمیں یہاں جمع ہوگئیں۔ انہوں نے پولیس انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور برہمی کا اظہار کیا اور ملزم پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اس تنازع کے دوران چنگی چوراہے پر تعینات دو پولیس اہلکاروں کو ہندوتوتنظیموں کے کارکنوں نے دوڑا دوڑا کر پیٹا۔ وائرل ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ تھانہ میں سابق ضلع پنچایت ممبر خاتون نے ورنداون پولیس اسٹیشن صدر کو تھپڑ مارنے کی کوشش کررہی ہیں۔
پولیس اہلکاروں کے ساتھ مار پیٹ کی شکایت ضلع صدر مدھو شرما اور آر ایس ایس عہدیدار منوج کمار نے کی۔ انہوں نے ان پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وہیں انہوں نے پولیس سے مار پیٹ کرنے کے معاملے میں کہاکہ پولیس سے مار پیٹ کرنے والے آر ایس ایس کے کارکنان نہیں تھے۔ وہ کوئی اور لوگ ہو سکتے ہیں۔ آر ایس ایس عہدیدار بچو سنگھ کا کہنا ہے کہ کمبھ میلہ میں آر ایس ایس کے عہدیدار کے ساتھ مار پیٹ اور بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔
اس تعلق سے کمبھ میلہ انچارج ایس پی روہت شرما نے بتایا کہ دیورا بابا گھاٹ پر اسنان کرنے کے دوران پولیس اہلکاروں سے ایک تنازع ہو گیا تھا ، جس میں جو بھی پولیس اہلکارقصوروار پائے گئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ جو ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اس کی بھی جانچ چل رہی ہےاور جو بھی قانونی کارروائی ہوگی وہ کی جائے جائے گی۔ دوسری جانب خبر شائع کئے جانے تک معاملے میں پولیس نے ایک داروغہ و ایک کانسٹیبل کو معطل کردیا ہے۔ دونوں فریقوں میں سمجھوتہ کرائے جانے کی کوشش بھی جاری ہے۔