نئی دہلی:
این سی پی سپریمو شرد پوار کے گھر پر منگل کو اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ یہ میٹنگ ان کے دہلی واقع سرکاری رہائش گاہ 6 جن پتھ پر ہوئی۔ تقریباً ڈھائی گھنٹے تک چلنے کے بعد یہ میٹنگ ختم ہوگئی ، حالانکہ اس میٹنگ میں کوئی قد آور لیڈرنظر نہیں آئے۔ کانگریس کی جانب سے بھی کوئی بڑا لیڈر اس میٹنگ میں نہیں پہنچا۔ میٹنگ ختم ہونے کے بعد این سی پی ممبر پارلیمنٹ ماجد میمن نے کہاکہ یہ میٹنگ شرد پوار نے نہیں بلکہ یشونت سنہا نے بلائی تھی ۔
شرد پوار کے گھر یہ میٹنگ شام 4 بجے کے بعد شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ تو پہنچے تھے، لیکن تھوڑی ہی دیر میں وہاں سے نکل بھی گئے۔
اس میٹنگ میں شرد پوار کی بیٹی اور ممبر پارلیمنٹ سپریا سلے، کانگریس کے سابق ترجمان سنجے جھا، این سی پی کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ماجد میمن ، سی پی آئی رہنما بنے وشوم ، سی پی ایم رہنما نیلوتپل باسو ، ٹی ایم سی لیڈر یشونت سنہا ، این سی پی راجیہ سبھا کے ممبر پارلیمنٹ وندن چوہان موجود تھے۔ ان کے علاوہ سابق سفیر کے سی سنگھ ، سماج وادی پارٹی کی جانب سے گھنشیام تیواری ، سابق ممبر پارلیمنٹ جینت چودھری اور آپ کی جانب سے سشیل گپتا سمیت دیگر رہنما بھی اس میں شامل ہوئے، تاہم بڑے رہنما میٹنگ سے غیر ندارد تھے۔
بی جے پی چھوڑ کر ٹی ایم سی میں آئے یشونت سنہا نےبتایا کہ ڈھائی گھنٹے چلی میٹنگ میں کئی ایشوز پر تبادلہ خیال ہوا۔ وہیں نیلو تپل باسو نے بتایا کہ اس میٹنگ میں کوئی سیاسی بحث نہیں ہو ئی ، صرف بے روزگاری اور مہنگائی کو لے کر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
میٹنگ کے بعد ماجد میمن نے کہاکہ کچھ میڈیا میں ایسا کہا جارہاہے کہ یہ میٹنگ بی جے پی کے خلاف مورچہ تیار کرنے کے لیے بلائی گئی ہے ، لیکن ایسا نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ ایسا چل رہاہے کہ یہ میٹنگ شرد پوار نے بلائی تھی ،ایسا نہیں ہے، یہ میٹنگ راشٹریہ منچ کے سربراہ یشونت سنہا نے بلائی تھی۔ ہم تمام راشٹریہ منچ کے فاؤنڈر ممبر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں کوئی سیاسی تفریق نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے خود ہی ویویک تنکھا ، منیش تیوری ، شتروگھن سنہا ، ابھیشیک منو سنگھوی ، کپل سبل جیسے لیڈروں کو مدعو کیا تھا، لیکن ان رہنماؤں میں سے کوئی بھی فی الحال دہلی میں موجود نہیں تھے، اس لئے کانگریس میٹنگ میں نہیں آسکی ۔
وہیں سماج وادی پارٹی لیڈر گھنشیام تیواری نے بتایا کہ ہم نے یشونت سنہا کو ایک ٹیم بنانے کے لیے اختیاردیا ہے ۔ اس ٹیم کا کام ملک میں چل رہے ایشوز کو لے کر تجاویز پیش کرنا ہوگا ،کوئی بھی شخص سیاسی پارٹی کا ممبر اس ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ راشٹریہ منچ کی ایک اور میٹنگ ہوگی۔