روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ ایک بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ان کا ملک اس جنگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔روس- خلیج تعاون کونسل کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئےلاوروف نے کہا کہ "غزہ کی پٹی میں لڑائی کو روکنے میں بین الاقوامی برادری کی ناکامی اور اس کے باشندوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں نے فوجی اور سیاسی صورتحال میں تیزی سے بگاڑ پیدا کیا جس کےبعد پورا خطہ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ جنگ اسرائیل کی سرحدوں سے نکل کر بحیرہ احمر تک پھیل چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اسرائیل اور لبنان کے درمیان محاذ آرائی ایک نئی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ مشرق وسطیٰ ایک بار پھر ایک بڑی علاقائی جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم اسے ہونے سے روکیں”۔انہوں نے زور دے کر کہاکہ”ہم حالات کو معمول پر لانے کے لیے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں”۔