بھوپال :(ایجنسی)
مدھیہ پردیش کے نیمچ سے چونکا دینے والی خبر آئی ہے۔ وہیں ایک 65 سالہ شخص کو مسلمان ہونے کے شبہ میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک سابق کونسلر کے شوہر اور اس کے ساتھی کا نام اس معاملے میں ملزم کے طور پر سامنے آیا ہے۔ تاہم شیوراج سرکار کا کہنا ہے کہ مجرم کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
جن ستا آن لائن کی خبر کے مطابق یہ معاملہ 19 تاریخ کی رات کا ہے۔ واقعے سے متعلق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہفتہ (21 مئی 2022) کو معاملہ گرم ہوگیا۔ ویڈیو کلپ میں ایک بزرگ سفید رنگ کی قمیص پہنے نظر آرہے ہیں، جن سے ایک شخص نام اور وہ کہاں سے آیا ہے وغیرہ پوچھ رہا ہے۔ اس دوران جب وہ اپنا تعارف صحیح طریقے سے نہیں کراپائے تو وہ بار بار انہیں طمانچے مارتے ہوئے دھمکانے لگا، ’ آدھار کارڈ نکال ….. آدھار کارڈ نکال۔‘
یہ کلپ کچھ ٹی وی نیوز چینلز پر بھی دکھائی گئی۔ بتایا گیا کہ زیادہ پٹائی کی وجہ سے بزرگ شخص کی موت ہوگئی ۔ کہا جا رہا ہے کہ کلپ میں اسے مارنے والا شخص بی جے پی کے سابق کونسلر کا شوہر دنیش کشواہا ہے۔ اس کے ساتھی پر بھی مار پیٹ کا الزام ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد میں پولیس نے متوفی کی لاش برآمد کر لی۔ سوشل میڈیا پر ان کی کچھ تصاویر بھی جاری کی گئیں، جس کے بعد ان کی لاش کی شناخت ہوسکے گی۔ رپورٹس میں مانسا پولیس اسٹیشن کے افسر کے ایل ڈانگی کے حوالے سے بتایا گیا ہے، ’’ہمیں جمعرات کو لاش ملی تھی۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصویریں جاری ہونے کے بعد ان کے اہل خانہ (جن کا تعلق رتلام سے ہے) نے ان کی شناخت بھنور لال جین کے طور پر کی۔‘‘
اہل خانہ کے مطابق، بھنور لال معذور تھے اور انہیں یادداشت کے مسائل تھے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ جائے وقوعہ کے آس پاس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی چھان بین کی جارہی ہے تاکہ کیس میں ملوث دیگر افراد کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
دریں اثنا، ریاست کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے بتایا کہ اس معاملے میں کارروائی کی گئی ہے۔ اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ وہ بزرگ تھے اور بھٹک گئے تھے ۔ پوچھ گچھ کے دوران اپنا تعارف نہیں دے پارہے تھے ۔ واقعہ میں ملزم شخص کی نشان دہی ہو گئی اور دفعہ 302اور 304کے تحت اس کے خلاف کیس درج ہوا ہے۔ متوفی کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ معذور تھے ۔
دریں اثنا، لندن میں ایک پروگرام کے دوران، کانگریس کے سابق سربراہ راہل گاندھی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا ’ بھارت فی الحال اچھی حالت میں نہیںہے ۔ بی جے پی نے پورے ملک میں مٹی کا تیل پھیلا دیا ہے ۔ آپ کو ایک چنگاری چاہئےاور ہم بڑی مصیبت میں پڑ جائیں گے ۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ اپوزیشن کانگریس کی بھی ذمہ داری ہے کہ جو لوگ برادریوں، ریاستوں اور مذاہب کو ایک ساتھ لاتی ہے ۔ ہمیں اس درجہ حرارت پر ٹھنڈا کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ اگر یہ حرارت ٹھنڈا نہیں ہوا تو چیزیں غلط ہو سکتی ہیں ۔