تبصرہ: ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی
ہندوستان کی ریاست بہار علم و فضل کی سرزمین ہے _ یہاں دیگر علوم کے ساتھ اسلامیات میں اختصاص رکھنے والے نام ور علماء پیدا ہوئے ہیں اور انھوں نے بڑے پیمانے پر خلقِ خدا کو فیض پہنچایا ہے _ علوم اسلامی کا ایک اہم شعبہ علم حدیث ہے _ اس میں بھی علمائے بہار کی خدمات بہت نمایاں ہیں _۔
علمائے بہار کے تذکرہ و سوانح پر متعدد کتابیں لکھی گئی ہیں _ ان میں مولانا ابو الکلام شمسی کی ’تذکرہ علمائے بہار‘، مولانا عبد الرحیم ہاشمی کی ’ الدر المنثور فی تراجم اھل صادق فور‘ اور سید قیام الدین نظامی فردوسی کی ’شرفا کی نگری ‘ قابل ذکر ہے۔ _ مولانا عبد الحی حسنی کی کتاب ’نزھۃ الخواطر‘ میں بھی بہت سے محدثینِ بہار کا تذکرہ موجود ہے، لیکن ان کتابوں میں بہت اختصار ملحوظ رکھا گیا ہے ۔ ضرورت تھی کہ بہار میں علم حدیث کے ارتقا پر تفصیل سے کام کیا جائے اور وہاں کے مشہور محدثین کی خدمات کو نمایاں کیا جائے یہ کام ڈاکٹر مولانا انیس الرحمٰن قاسمی کے لیے مقدّر تھا ، جو زیرِ نظر کتاب کی صورت میں منظرعام پر آیا ہے _۔
انیس الرحمٰن صاحب نے دار العلوم دیوبند سے فضیلت کرنے کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی سے شعبۂ اسلامک اسٹڈیز سے بی اے ، ایم اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں ، اس کے بعد اسی شعبہ میں تدریسی خدمت انجام دے رہے ہیں _ ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان تھا : علم حدیث میں علماء بہار و جھارکھنڈ کی خدمات _ اسی کا ایک حصہ اس کتاب کی صورت میں شائع کیا گیا ہے _۔
یہ کتاب دو ابواب پر مشتمل ہے : باب اول میں تیرہویں صدی سے اٹھارہویں صدی تک کے محدثین اور باب دوم میں انیسویں صدی سے موجودہ دور تک کے محدثین کا تذکرہ کیا گیا ہے اور ان کی حیات اور علمی خدمات پر روشنی ڈالنے کے ساتھ خاص طور پر علم حدیث میں ان کی خدمات کو نمایاں کیا گیا ہے _ اس کتاب میں علماء کے ناموں کی ترتیب سنۂ وفات کے اعتبار سے قائم کی گئی ہے _ موجودہ دور کے صرف ان علماء کا ذکر کیا ہے جو وفات پاچکے ہیں _ اس کتاب میں پچپن (55) محدثین کا تذکرہ کیا گیا ہے اور ان کی تقریباً دو سو (200) کتبِ حدیث کا تعارف کرایا گیا ہے _ ان محدثین میں خصوصیت سے مولانا سید نذیر حسین مونگیری (صاحب معیار الحق) ، مولانا شمس الحق عظیم آبادی (صاحب غایۃ المقصود و عون المعبود) ، مولانا عبد الغفار مہدانوی (مترجم الأدب المفرد للبخاری) ، مولانا فضل اللہ مونگیری جیلانی (صاحب فضل اللہ الصمد فی شرح الأدب المفرد) ، مولانا فیاض علی جعفری صادق پوری (صاحب فیض الفیوض) ، مولانا ظہیر احسن شوق نیموی (صاحب آثار السنن) ، مولانا ظفر الدین کی صحیح البہاری ، مولانا اکرام علی بھاگل پوری (صاحب نفع المسلم شرح صحیح مسلم) اور مولانا عثمان غنی (صاحب نصر الباری شرح صحیح بخاری) وغیرہ قابلِ ذکر ہیں _۔
اس علمی خدمت پر میں ڈاکٹر انیس الرحمٰن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ ان کے قلم سے ان شاء اللہ آئندہ مزید معیاری علمی تصنیفات سامنے آئیں گی _۔
نام کتاب : تذکرہ محدثینِ بہار
مصنف : ڈاکٹر انیس الرحمٰن
ناشر : مرکزی پبلی کیشنز ،جوگا بائی ایکسٹینشن، جامعہ نگر، نئی دہلی _ 25-
صفحات : 320
قیمت :درج نہیں
رابطہ :موبائل :9891755509_91+
ای میل :[email protected]