ممبئی:
اتوار کے روز مہاراشٹرمیں ممبئی کے ماہل اور وکروولی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں شروع ہونے والے لینڈ سلائیڈنگ میں کم از کم 14 افراد کی موت اور متعدد دیگر کے پھنس جانے کا خدشہ ہے۔
افسران نے بتایا کہ مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے مکان گرنے کا پہلا واقعہ چیمبور کے علاقہ ماہل میں پیش آیا۔ یہاں درخت گرنے سے مکان کی دیوار گر گئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے ایک بیان میں کہا ’’این ڈی آر ایف کی ٹیم کے موقع پر پہنچنے سے قبل مقامی بی ایم سی ؍ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے ملبے سے دس لاشیں نکال لی تھیں۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم نے ملبے سے ایک خاتون کی لاش برآمد کی۔‘‘
ایک اور واقعے میں ممبئی کے وکروولی علاقے میں ایک عمارت کے گرنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے۔ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا ’’ممبئی کے وکروولی علاقے میں آج صبح سویرے ایک رہائشی عمارت کے گرنے سے تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔‘‘ بی ایم سی نے بتایا کہ امدادی کارروائی جاری ہے۔ شدید بارشوں اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے ممبئی میں لوکل ٹرین خدمات بھی معطل کردی گئیں۔