نئی دہلی:
چند دنوں کے بعد عید الاضحی آنے والی ہے۔ اس کی ایک اہم عبادت قربانی ہے۔ ابھی چوں کہ کورونا وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوا ہے، اس لیے شریعہ کونسل، جماعت اسلامی ہند کے چیئرمین مولانا سید جلال الدین عمری اور سکریٹری ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے کونسل کی جانب سے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر ملحوظ رکھتے ہوئے عید الاضحی منائیں اور قربانی کریں۔
امید ہے کہ وہ درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں گے: قربانی حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کی سنت ہے۔ اس پر خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ نے عمل کیا اور اپنی امت کو بھی اس کی تاکید کی ہے۔ یہ محض کوئی رسم نہیں ہے۔ اس لیے مسلمانوں کو عید الاضحی کے موقع پر حتی الامکان قربانی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ صدقہ و خیرات، رفاہی خدمات یا کوئی دوسرا نیک عمل اس کا بدل نہیں ہو سکتا۔ جن صاحب حیثیت لوگوں پر قربانی واجب ہوگی، اگر وہ خواہش اور کوشش کے باوجود کسی وجہ سے قربانی نہ کر سکیں تو ان کے لیے جائز ہے کہ بعد میں قربانی کے بہ قدر رقم غریبوں میں تقسیم کر دیں۔
مسلمان قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے دین و شریعت پر عمل کرنے کی کوشش کریں۔ جن جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی ہو ان کی قربانی سے احتراز کریں۔ قربانی کے دوران تمام احتیاطی تدبیریں ملحوظ رکھیں۔ راستوں اور گزرگاہوں پر قربانی نہ کریں۔ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔ خون، فضلات اور زائد اجزا کو دفن کر دیںیا کوڑا کرکٹ کے متعینہ مقامات تک پہنچائیں۔ مناسب ہے کہ ہر علاقے میںعید الاضحی سے چند روز قبل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو حالات پر نظر رکھے۔ مقامی حکام سے برابر رابطہ رکھے اور امن و قانون کی صورت کو بحال رکھنے میں اپنا تعاون پیش کرے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اپنے دین پر چلنے اور اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔