نئی دہلی :
میرے پاپا بہت اچھے ،ایماندار صاف وشفاف انسان ہیں ،مجھے ان کی بیٹی ہونے پر فخرہے،یہ بات عمر گوتم کی بیٹی نے کہی،داعی کی بیٹی کے لب ولہجہ میں گفتگو کے وقت بلا کی خوداعتماد ی اور حوصلہ جھلک رہا تھا۔
میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ میرے پاپا قانون پسند شہری ہیں، انہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کام کیا،کبھی تبدیلی مذہب کے لیے زبردستی نہیں کی، خود بھی بغیر دباؤ کے اسلام قبول کیا تھا۔ان کے پاس ڈا کیومنٹ بنوانے آتے تھے ،پولیس کو تفصیلات سے آگاہ کیا سب بتایا اور پھر اس پر ملمع سازی کردی گئی۔ عمر گوتم کی بیٹی( نام نہیں دیا جارہا ہے) نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاپا پرلگائے گئے الزامات جھوٹے ،بے بنیاد ہیں، ان کو پھنسایا گیا ہے، ان کا نام اور عزت خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،وہ میڈیا ٹرائل سے بہت دکھی نظر آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نظام عدل پر پورا بھروسہ ہے،ان شاءاللہ عدلیہ سے انصاف ملے گا۔بیٹی نے صاف طور پر کہا کہ وپل اور کاشف سے پاپا کا کوئی لینا دینا نہیں، پولیس کہانیاں بنا رہی ہے،انہوں نے یقین سے کہا کہ جلد حقیقت سامنے آئے گی اور جھوٹ کا پردہ فاش ہوگا۔