ممبئی :
مہاراشٹر کے ایک اسپتال میں آکسیجن ٹینک لیک ہونے سے برا حادثہ پیش آگیا ہے۔ لیکیج کی وجہ سے 22 مریضوں کی موت ہوگئی ہے۔ آکسیجن لیک ہونے کی وجہ سے کچھ وقت کیلئے سپلائی بند کردی گئی تھی ، اس دوران مریضوں کی موت ہوگئی۔
ملک میں ایک طرف آکسیجن کی بھاری قلت ہے ، دوسری طرف مہاراشٹر کے ناسک میں ایک بڑا حادثہ پیش آیاہے۔ بدھ کے روز یہاں ذاکر حسین اسپتال میں آکسیجن ٹینک لیک ہوگیا جس کے بعد ہنگامہ برپا ہوگیا۔ ناسک میں ہوئے اس المناک حادثے میں 22 مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لیک ہونے کی وجہ سے آکسیجن کی سپلائی تقریباً آدھے گھنٹے کے لئے بند کرنا پڑا ، جس کی وجہ سے وینٹی لیٹر پرموجود 22 مریضوں کی موت ہوگئی۔ حادثے کے وقت اسپتال میں وینٹی لیٹروں پر کل 23 مریض موجود تھے۔
انتظامیہ کے ذریعہ اب لیکیج کی جانچ کی جارہی ہے۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت اسپتال میں 171 مریض تھے۔ آکسیجن لیک ہونے کے واقعے کے بعد اسپتال میں داخل مریضوں کو دوسرے اسپتال شفٹ کردیا گیا۔ صورتحال کے بارے میں ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے کا کہنا ہے کہ اب لیکیج پر قابو پالیا گیا ہے۔