ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان تعلقات برابری اور انصاف پر مبنی ہونے چاہئیں۔
ڈھاکہ ٹریبون کے مطابق چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے اسپیشل اسسٹنٹ محفوظ عالم نے چیف ایڈوائزر کے حوالے سے بتایا کہ "ہمیں بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، لیکن یہ مساوات ،برابری اور انصاف پر مبنی ہونے چاہئیں”۔ اتوار کو ڈھاکہ میں چیف ایڈوائزر کے دفتر میں محفوظ نے ملاقات کے بعد فارن سروس اکیڈمی میں میڈیا کو بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ چیف ایڈوائزر نے میٹنگ کے دوران ایک طالب علم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ہندوستان کے بارے میں عبوری حکومت کے خیالات پیش کیے تھے۔
یونس نے کہا کہ بنگلہ دیش نے ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو برقرار رکھنے میں باہمی احترام اور مساوات کو اہمیت دی ہے۔بی ایس ایس کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے علاقائی تعاون کو بڑھانے کے لیے جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کو بحال کرنے پر بھی زور دیا۔