لکھنؤ :
تبدیلی مذہب معاملے میں اہم ملزم بنائے گئے عمر گوتم سے متعلق اکاؤنٹس کی بھی جانچ انکم ٹیکس محکمہ شروع کرسکتا ہے ، اس کے لیے اے ٹی ایس نے اکاؤنٹس کی تفصیل انکم ٹیکس محکمہ سے شیئر کی ہے ۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمر گوتم کاادارہ اسلامک دعوہ سینٹر و فاطمہ چیری ٹیبل ٹرسٹ کے اکاؤنٹس میں غیر قانونی لین دین ہوا ہے ۔دوسری طرف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ پہلے سے ان اکاؤنٹس کی جانچ کررہا ہے ۔
امراجالا کی خبر کے مطابق اے ٹی ایس حکام کاکہنا ہے کہ دونوں اداروں نے کبھی انکم ٹیکس ریٹرن داخل نہیں کیا، جبکہ ان کے اکاؤنٹس میں خلیجی ممالک سے بڑی رقم آتی ہے، لہٰذا اے ٹی ایس ملزمین پر فیما لگانے کے لیے قانونی رائے لے رہی ہے ۔
دوسری طرف عمر گوتم اور جہانگیر عالم کی سات روزہ ریمانڈ بدھ کی صبح 11 بجے پوری ہوگئی۔ اے ٹی ایس کے مطابق ان دونوں سے ابھی بہت کچھ پوچھ گچھ باقی ہے، ایسے میں عدالت کو ان کے ریمانڈ میں مزید آٹھ دن کی توسیع کے لئے درخواست دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق تبدیلی مذہب کے معاملے میں کچھ اور گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔ عمر گوتم و جہانگیر عالم قاسمی نے جو جانکاری دی ہے ، اس کی تفتیش کی جاری ہے ۔ ساتھ ہی دونوں کے قریبوں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے ۔ آئی جی اے ٹی ایس جی کے گوسوامی کا کہنا ہے کہ بغیر ثبوت کے کسی کو بھی جیل نہیں بھیجا جائے گا۔
وہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایس اس معاملے میں گونگے -بہروں کی زبان سمجھنے والے دو لوگوں کی مدد لے رہی ہے ، ان کی مدد سے ہی منو یادو عرف منو اور راہل بھولا کی گرفتاری ہوئی ہے ۔