تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی جنگ بندی نہیں کرے گا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو نے واضح طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کے ساتھ کوئی جنگ بندی نہیں کرے گا۔ حزب اللہ کیخلاف ہماری فوجی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی قسم کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد حزب اللہ کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے تاکہ اسرائیل کے شہری اپنے آپ کو محفوظ محسوس کر سکیں۔
نتن یاہو کے اس اعلان نے کئی بین الاقوامی مبصرین اور سیاسی تجزیہ کاروں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اگر اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازعہ بڑھتا ہے تو اس کے اثرات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کی سلامتی پر پڑ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ لبنان میں جاری تنازعے کے شدت اختیار کرنے پر ایران خاموش نہیں رہے گا۔عراقچی نے کہا کہ ایران خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی حل کی حمایت کرتا ہے لیکن اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو ایران ردعمل دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
ادھر اسرائیل کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے حزب اللہ کو مکمل طور پر کچلنے کا مطالبہ کردیا ہےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے کہا کہ اسرائیل کو حزب اللہ سے بہت پڑا خطرہ ہے، حزب اللہ اسرائیل پر کبھی بھی حملہ کرسکتاہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ شمالی محاذ پر جاری کارروائی کا واحد اور حتمی نتیجہ حزب اللہ کو کچلنے کی صورت میں نکلنا چاہیے تاکہ وہ شمالی اسرائیل کے عوام کو مزید خطرے میں نہ ڈال سکے۔
وزیر خزانہ نے اپنے بیان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے دی جانے والی جنگ بندی کی تجویز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حزب اللہ کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع فراہم کرے گی اور اسرائیل کے لیے مستقبل میں مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔